تاریخ اشاعت: September 12, 2026 - 3:01 PM
Rising Population May Intensify Pressure on Urban Expansion and Infrastructure: Seminar
بڑھتی آبادی سے شہری پھیلاؤ اور بنیادی ڈھانچے پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ : سیمینار
▫️پانی، زرعی زمین، خوراک، صحت اور تعلیم کے ساتھ آبادی کے توازن کو قومی ترقیاتی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے،ماہرین
لاہور | ری نیوز پاکستانماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں مسلسل اضافہ صرف خاندانی منصوبہ بندی کا مسئلہ نہیں بلکہ تیزی سے بڑھتے شہری پھیلاؤ، محدود آبی وسائل، زرعی زمین میں کمی، غذائی تحفظ اور بنیادی شہری ڈھانچے کی ضروریات سے...
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں مسلسل اضافہ صرف خاندانی منصوبہ بندی کا مسئلہ نہیں بلکہ تیزی سے بڑھتے شہری پھیلاؤ، محدود آبی وسائل، زرعی زمین میں کمی، غذائی تحفظ اور بنیادی شہری ڈھانچے کی ضروریات سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔ بڑھتی آبادی کے ساتھ شہروں میں رہائش، پانی، نکاسی آب، ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے پر دباؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
یہ بات نیشنل پاپولیشن کونسل نے اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ کے تعاون سے ’’آبادی میں توازن کے لیے باخبر عملی اقدامات میں میڈیا کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ میڈیا کولیشن آن پاپولیشن کے سیمینار میں کہی۔ اجلاس میں ملک بھر کے قومی، صوبائی اور علاقائی ذرائع ابلاغ سے وابستہ 30 سے زائد صحافیوں نے شرکت کی۔
پاپولیشن کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر علی میر نے کہا کہ آبادی کا مسئلہ کسی ایک شعبے تک محدود نہیں بلکہ پانی کی کمی، تیزی سے ہونے والے شہری پھیلاؤ، زرعی زمین میں کمی، غذائی قلت اور خواتین و بچوں کی تعلیم و صحت سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 1965 کے بعد پاکستان میں فی کس زرعی زمین میں تقریباً 80 فیصد کمی ہوچکی ہے۔ ان کے مطابق محدود ہوتے وسائل اور بڑھتی آبادی کے درمیان تعلق کو قومی ترقی کی بحث کا حصہ بنانا ناگزیر ہے، کیونکہ آبادی میں اضافہ شہری علاقوں میں رہائش اور بنیادی سہولیات کی طلب میں بھی مسلسل اضافہ کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق غیر منصوبہ بند شہری پھیلاؤ کے نتیجے میں زرعی زمین رہائشی اور تجارتی استعمال میں منتقل ہوسکتی ہے، جبکہ پانی کی فراہمی، نکاسی آب، سڑکوں، پبلک ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیمی سہولیات کے لیے نئی سرمایہ کاری کی ضرورت بڑھتی جاتی ہے۔ اس لیے آبادی کی منصوبہ بندی کو شہری ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی طویل مدتی منصوبہ بندی کے ساتھ مربوط کرنا ضروری ہے۔
وفاقی حکومت وزیراعظم کی سربراہی میں قائم نیشنل پاپولیشن کونسل کے ذریعے خاندانی منصوبہ بندی کو صحت، تعلیم، نوجوانوں کے بہتر مستقبل، خواتین کی معاشی شمولیت، ہنرمندی اور سماجی تحفظ سے منسلک جامع ترقیاتی ایجنڈے کے طور پر آگے بڑھا رہی ہے۔
وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے ڈپٹی چیف پاپولیشن کاظم سلمان نے بتایا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور اہم وفاقی وزرا شامل ہیں، جبکہ منصوبہ بندی کمیشن اس کا سیکریٹریٹ ہوگا۔
کاظم سلمان کے مطابق حکومت آبادی کے مسئلے کو حقوق اور ذمہ داریوں کے درمیان توازن کے طور پر دیکھتی ہے اور خاندانی منصوبہ بندی کو وسیع تر سماجی و معاشی ترقی سے جوڑ رہی ہے۔
سیمینار میں خاندانی منصوبہ بندی تک غریب خواتین کی رسائی میں حائل رکاوٹوں، نئی نیشنل پاپولیشن کونسل کے کردار اور بہبودِ آبادی کی حکومتی حکمت عملی پر عملدرآمد کی نگرانی میں میڈیا کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیمینار میں کہا گیا کہ اس مہم نے خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کے لیے آبادی کے مسئلے کا حل صرف آبادی میں اضافے کی رفتار کم کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ مستقبل کی شہری ضروریات، رہائش، پانی، خوراک، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کے لیے مربوط منصوبہ بندی بھی اس کا لازمی حصہ ہونی چاہیے۔