اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالیاتی اداروں اور دیگر ریگولیٹڈ اداروں کے آڈٹ کے لیے منظور شدہ آڈٹ فرمز کی اہلیت کے معیار میں تبدیلی کرتے ہوئے نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس اقدام کے تحت مختلف مالیاتی اداروں کے حجم، اثاثوں اور کاروباری نوعیت کی بنیاد پر آڈیٹرز کی تقرری کے لیے نظرثانی شدہ شرائط متعارف کرائی گئی ہیں۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر نمبر 24 آف 2026 کے ذریعے سابقہ سرکلر نمبر 7 آف 2026 میں جزوی ترامیم کی گئی ہیں۔ نظرثانی شدہ فریم ورک کا اطلاق سیکیورٹیز ایکٹ 2015، فیوچرز مارکیٹ ایکٹ 2016، انشورنس آرڈیننس 2000 اور کمپنیز ایکٹ 2017 سمیت مختلف قوانین کے تحت ریگولیٹ ہونے والے اداروں پر ہوگا۔
سرکلر کے مطابق قرض فراہم کرنے والی نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (این بی ایف سیز) کے لیے آڈیٹرز کی تقرری سے متعلق نیا معیار یکم جنوری 2027 یا اس کے بعد شروع ہونے والے مالی سال سے نافذ العمل ہوگا۔
ایس ای سی پی نے بڑی مالیاتی کمپنیوں اور اہم مالیاتی اداروں کے آڈٹ کے لیے پہلی کیٹیگری میں شامل آڈٹ فرمز کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں اسٹاک ایکسچینجز، فیوچرز ایکسچینجز، کلیئرنگ ہاؤسز، ڈیپازٹری کمپنیاں اور ٹریڈنگ و کلیئرنگ لائسنس رکھنے والے سیکیورٹیز بروکرز شامل ہیں۔
اسی کیٹیگری میں وہ ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور پنشن فنڈ منیجرز بھی شامل ہیں جن کے زیر انتظام اثاثوں کی مالیت 50 ارب یا اس سے زیادہ ہو۔ ڈپازٹس قبول کرنے والی قرض فراہم کرنے والی نان بینکنگ فنانس کمپنیاں، جبکہ ڈپازٹس قبول نہ کرنے والی ایسی قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں جن کے اثاثے 1 ارب یا اس سے زیادہ ہوں، بھی اسی زمرے میں آئیں گی۔
نئی شرائط کے مطابق 1 ارب یا اس سے زیادہ اثاثوں والے مضاربہ ادارے اور 10 ارب یا اس سے زیادہ اثاثوں کی حامل اجتماعی سرمایہ کاری اسکیمیں، رضاکارانہ پنشن اسکیمیں اور رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (REITs) بھی پہلی کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ 10 ارب سے زیادہ مجموعی اثاثے رکھنے والی انشورنس، ری انشورنس اور تکافل کمپنیاں، کولیٹرل مینجمنٹ کمپنیاں، کریڈٹ ریٹنگ کمپنیاں اور پروفیشنل کلیئرنگ ممبرز بھی اسی درجہ بندی کے تحت آڈیٹرز مقرر کریں گے۔
پہلی کیٹیگری کی منظور شدہ آڈٹ فرمز میں اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی، بیکر ٹلی محمود ادریس قمر، بی ڈی او ابراہیم، کرو حسین چوہدری، ای وائی فورڈ رہوڈز، گرانٹ تھارنٹن انجم رحمان، الیاس سعید اینڈ کمپنی، کے پی ایم جی تاثیر ہادی، کرسٹن حیدر بھیم جی، منیف ضیاء الدین، ناصر جاوید مقصود عمران، پارکر رسل اے جے ایس، رحمان سرفراز رحیم اقبال رفیق، ریانڈا ہارون زکریا عامر سلمان رضوان، ریاض احمد اینڈ کمپنی، رضوان اینڈ کمپنی، آر ایس ایم اویس حیدر لیاقت نعمان، ایس ایم سہیل، یوسف عادل اور یو ایچ وائی حسن نعیم اینڈ کمپنی شامل ہیں۔
ایس ای سی پی نے نسبتاً چھوٹے مالیاتی اداروں کے لیے الگ کیٹیگری بھی مقرر کی ہے۔ اس میں ٹریڈنگ اور سیلف کلیئرنگ لائسنس رکھنے والے سیکیورٹیز بروکرز، 50 ارب سے کم زیر انتظام اثاثوں والی ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں، پنشن فنڈ منیجرز اور متعلقہ نان بینکنگ فنانس کمپنیاں شامل ہیں۔
نظرثانی شدہ نظام میں مالیاتی اداروں کے اثاثوں اور کاروباری نوعیت کو آڈیٹرز کی اہلیت کے تعین کی بنیاد بنایا گیا ہے، جس کے تحت متعلقہ اداروں کو اپنی مقررہ کیٹیگری کے مطابق اہل آڈٹ فرم کا انتخاب کرنا ہوگا۔