تاریخ اشاعت: November 13, 2026 - 12:01 PM
SECP Urges Businesses to Insure Property and Assets Against Fire Risks
ایس ای سی پی کا کاروباری اداروں کو املاک اور اثاثوں کا آتشزدگی کے خطرات کے خلاف انشورنس کرانے کا مشورہ
▫️ کاروباری مالکان اور صنعت کاروں کو بریفنگ، املاک کی انشورنس، کاروباری تعطل کے تحفظ، تکافل اور کلیم کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا گیا
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کاروباری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کو اچانک نقصان سے محفوظ رکھنے اور ممکنہ مالی خسارے کو کم کرنے کے لیے آتش زدگی اور املاک کی انشورنس کرانے پر غور کریں۔
ایس ای سی پی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے اشتراک آگاہی نشست منعقد کی۔ اس میں کاروباری مالکان، تاجروں اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔ نشست میں آتش زدگی کے ممکنہ خطرات اور ان سے نمٹنے میں انشورنس کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ آگ لگنے سے صرف عمارتوں اور آلات کو نقصان نہیں پہنچتا بلکہ کاروباری سرگرمیاں بند ہونے، آمدن میں کمی اور ملازمین کے روزگار متاثر ہونے جیسے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے آگ سے بچاؤ کے مؤثر اقدامات اور مناسب بیمہ کاروباری تیاری کا اہم حصہ ہیں۔
نشست میں تجارتی املاک، مشینری، آلات اور ذخیرہ شدہ سامان کے تحفظ پر بھی بات ہوئی۔ انشورنس شعبے کے نمائندوں نے آتش زدگی اور املاک کی انشورنس سے متعلق مختلف مصنوعات، پالیسی کے اہم نکات، دستیاب کوریج اور کلیم کی ادائیگی کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا۔
مقررین نے کاروباری تعطل کے انشورنس پر بھی روشنی ڈالی، جو بیمہ شدہ نقصان کے باعث کاروبار متاثر ہونے کی صورت میں کمپنیوں کو مالی بحالی میں مدد دے سکتا ہے۔ شرکاء کو تکافل کے بارے میں بھی بتایا گیا، جو روایتی انشورنس کا شرعی اصولوں کے مطابق متبادل ہے۔
سوال و جواب کے سیشن میں شرکا نے بیمہ اور تکافل کی مصنوعات، کوریج اور کلیم سے متعلق سوالات کیے۔
یہ نشست کاروباری اداروں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں میں انشورنس سے متعلق آگاہی بڑھانے اور اس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے ایس ای سی پی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ادارے کے مطابق اس اقدام کا مقصد مالی تیاری کو فروغ دینا اور کاروباروں کو غیر متوقع نقصان کے بعد اپنے اثاثوں کے تحفظ اور سرگرمیاں جاری رکھنے کے قابل بنانا ہے۔