اسلام
آباد | ری نیوز پاکستان
سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے تفویض اختیارات نے تیل اور قدرتی گیس کے وسائل پر وفاق اور صوبوں کے مشترکہ اور مساوی اختیار کو یقینی بنانے کے لیے پیٹرولیم ڈویژن سے 15 روز میں جامع عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔ کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ صوبوں کو تیل و گیس کمپنیوں کے منافع میں 50 فیصد حصہ دیا جائے یا انہیں تیل و گیس کے نصف کنوؤں کا کنٹرول منتقل کیا جائے تاکہ قدرتی وسائل میں ان کے آئینی حقوق کو یقینی بنایا جاسکے۔
سینیٹر ضمیرحسین گھمرو کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 172(3) پر عملدرآمد، قدرتی وسائل کی مشترکہ ملکیت اور وفاقی اداروں میں صوبوں کی نمائندگی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نےتشویش ظاہر کی کہ 18ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو 16 سال گزرنے کے باوجود تیل اور
قدرتی گیس کے وسائل پر وفاق اور متعلقہ صوبوں کی مشترکہ اور مساوی ملکیت اور آمدن
کی منصفانہ تقسیم کے لیے مؤثر نظام مکمل طور پر نافذ نہیں کیا جاسکا۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 172(3) کے تحت کسی صوبے کی حدود میں موجود معدنی تیل
اور قدرتی گیس وفاق اور متعلقہ صوبے کی مشترکہ اور مساوی ملکیت ہیں۔ کمیٹی نے اس
آئینی اصول کو عملی شکل دینے کے لیے انتظامی اور مالیاتی طریقہ کار وضع کرنے کی
ضرورت پر زور دیا۔
ارکان نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے مسلسل تاخیر اور معاملات کو بار بار مشترکہ مفادات
کونسل کے سپرد کرنے پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹھوس پیش رفت کے
بغیر معاملات کو مختلف فورمز پر منتقل کرنا آئینی ترمیم کے مقاصد کے منافی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ صوبائی
حکام اور اداروں سے مشاورت کے بعد تیل و گیس کے وسائل پر مشترکہ اور مساوی اختیار
کو یقینی بنانے کے لیے واضح اور قابلِ عمل طریقہ کار تیار کیا جائے۔ اس حوالے سے
تفصیلی رپورٹ 15 روز میں کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 38(جی) کے تحت وفاقی ملازمتوں میں صوبوں کی نمائندگی کا معاملہ بھی
زیر بحث آیا۔ کمیٹی نے گریڈ ایک سے 22 تک وفاقی ملازمتوں، سرکاری کارپوریشنوں،
قانونی اداروں اور خودمختار اداروں میں بھرتیوں اور ترقیوں کے دوران صوبائی کوٹے
پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ وفاقی اداروں میں صوبائی نمائندگی اور ترقیوں کے لیے مؤثر نظام
موجود نہیں، خصوصاً اعلیٰ انتظامی عہدوں پر صوبوں کی نمائندگی میں عدم توازن پایا
جاتا ہے۔ چیئرمین نے وفاقی حکومت کے 38 ڈویژنوں میں بالخصوص بلوچستان کی محدود
نمائندگی کا معاملہ اٹھایا۔
اجلاس میں مختلف وفاقی ڈویژنوں اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے پیش کردہ عملدرآمد
رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے کمیشن کے نمائندوں کی عدم شرکت پر تشویش
ظاہر کی۔
سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ آئینی شقوں پر عملدرآمد یقینی
بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت سے تنخواہیں وصول کرنے والے
ملازمین بھی متعلقہ صوبائی کوٹے کے نظام کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ ان کے مطابق
صوبوں، بالخصوص بلوچستان کے حصے کا تعین کرکے متعلقہ آسامیوں کو پُر کرنے کے
اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی اخراجات کے بڑھتے ہوئے حجم پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ سینیٹر ضمیر حسین
گھمرو نے کہا کہ ملک کی مجموعی ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن تقریباً 20 کھرب روپے کے
مقابلے میں وفاقی اخراجات تقریباً 19 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے وفاقی
اخراجات میں نمایاں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
کمیٹی نے قدرتی وسائل کی مشترکہ ملکیت، ان سے حاصل ہونے والی آمدن کی منصفانہ تقسیم اور
وفاقی اداروں میں صوبائی نمائندگی سے متعلق آئینی ضمانتوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے
واضح انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کو ضروری قرار دیا۔