تاریخ اشاعت: September 10, 2026 - 11:01 AM
SNGPL Faces Severe Liquidity Pressure Over Rs174 Billion Dues
پاور ڈویژن کے ذمہ 174 ارب کی عدم ادائیگی، سوئی ناردرن شدید مالی دباؤ میں آ گئی
▫️بجلی کے شعبے کی جانب سے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر، گیس کمپنی کو سپلائرز کو ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانسوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو بجلی کے شعبے سے تقریباً 174 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں تاخیر کے باعث شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو بجلی کے شعبے سے تقریباً 174 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں تاخیر کے باعث شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بجلی کے شعبے سے کمپنی کے مجموعی قابلِ وصول واجبات 173 ارب 65 کروڑ 40 لاکھ روپے تک پہنچ چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان واجبات میں سرکاری بجلی گھروں، نجی بجلی پیدا کرنے والے اداروں اور دیگر بجلی منصوبوں کی جانب سے گیس کے بلوں کی ادائیگیاں شامل ہیں۔ سرکاری بجلی گھروں کے ذمے تقریباً 60 ارب 98 کروڑ 90 لاکھ روپے جبکہ آزاد بجلی پیدا کرنے والے اداروں کے ذمے تقریباً 36 ارب 96 کروڑ 90 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
ایس این جی پی ایل کے مطابق صرف حکومت کے ملکیتی بعض بجلی گھروں کے ذمے مزید 75 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ روپے کے واجبات بھی موجود ہیں۔ ان میں قائداعظم تھرمل پاور، بلوکی پاور، این پی پی ایم سی ایل کے ایچ بی ایس اور دیگر بجلی منصوبے شامل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ واجبات میں گیس کے اصل چارجز کے علاوہ تاخیر سے ادائیگی کا سرچارج، ایل این جی نرخوں کی حقیقی ادائیگی اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس بھی شامل ہے۔
ایس این جی پی ایل نے ڈائریکٹر جنرل گیس، پٹرولیم ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاور ڈویژن کے ساتھ معاملہ اٹھا کر واپڈا، نجی بجلی گھروں اور سرکاری بجلی منصوبوں کے لیے فوری فنڈز جاری کروائیں، تاکہ یہ ادارے اپنے واجبات ادا کر سکیں۔
کمپنی کے جنرل منیجر ریکوری کے مطابق واجبات کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر نے ایس این جی پی ایل کی مالی پوزیشن کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث کمپنی گیس فراہم کرنے والے اداروں کو اپنی ادائیگیاں پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔
ایس این جی پی ایل نے متعلقہ اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر واجبات فوری طور پر ادا نہ کیے گئے تو کمپنی اپنے معاہداتی حقوق استعمال کرتے ہوئے بقایا رقم کی وصولی کے لیے کارروائی کرنے پر مجبور ہو سکتی ہے۔