تاریخ اشاعت: August 11, 2026 - 9:33 AM
World Bank Warns Against Diverting Balochistan Flood Housing Funds to Infrastructure Projects
عالمی بینک نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے مختص ہاؤسنگ فنڈز کو انفراسٹرکچر منصوبوں پر منتقل کرنے سے خبردار کردیا
▫️ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد تصدیق شدہ سیلاب متاثرہ گھرانے تاحال ہاؤسنگ فنانسنگ سے محروم، پہلی قسط کے مستحقین کی تعداد 62 ہزار 966 تک محدود کردی گئی
عالمی بینک نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کیلئے جاری بڑے ہاؤسنگ بحالی پروگرام کے فنڈز سڑکوں، آبپاشی اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں کی جانب منتقل کرنے سے ہزاروں کمزور خاندان محفوظ اور مضبوط گھروں کی تعمیر کیلئے درکار مالی معاونت سے محروم رہ سکتے ہیں۔
وفاقی حکومت اور حکومت بلوچستان کو بھیجے گئے ایک تفصیلی مراسلے میں عالمی بینک نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کیلئے ہاؤسنگ معاونت میں کی گئی تبدیلیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کا رخ تبدیل کرنے سے غربت میں اضافہ، قدرتی آفات سے لاحق خطرات میں شدت اور صوبے کی طویل مدتی بحالی متاثر ہوسکتی ہے۔
عالمی بینک کے مطابق 119,049 تصدیق شدہ اور اہل گھرانوں کیلئے تاحال مالی معاونت کا کوئی ذریعہ متعین نہیں کیا گیا، کیونکہ حکومت نے 22 جون 2026 تک پہلی قسط حاصل کرنے والے مستحقین کی تعداد 62,966 تک محدود کردی ہے۔ سبسڈی معاونت کیلئے بھی زیادہ سے زیادہ 97 ہزار مستحقین کی حد مقرر کردی گئی ہے۔
عالمی بینک نے کہا کہ مالی معاونت سے محروم ہونے والے گھرانے بلوچستان کے انتہائی غریب اور کمزور طبقات میں شامل ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق اہل مستحقین میں تقریباً 84 فیصد انتہائی غریب شمار ہوتے ہیں۔
عالمی بینک کے مطابق 28 فیصد اہل گھرانوں کی ماہانہ آمدن 30 ڈالر سے بھی کم ہے، جبکہ مزید 26 فیصد گھرانے ماہانہ 31 سے 70 ڈالر کے درمیان کماتے ہیں۔
مستحقین کی سماجی اور معاشی صورتحال بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ان کیلئے اپنے وسائل سے گھروں کی تعمیر نو تقریباً ناممکن ہے۔ عالمی بینک کے مطابق 39 فیصد مستحقین کرایہ دار، 37 فیصد دیہاڑی دار مزدور جبکہ 8 فیصد چھوٹے کسان ہیں۔
عالمی بینک نے خبردار کیا کہ تصدیق شدہ مستحقین کو ہاؤسنگ معاونت سے محروم کرنے کی صورت میں پہلے سے مشکلات کا شکار خاندانوں کو خوراک، صحت اور تعلیم جیسے بنیادی اخراجات کیلئے مختص رقم عارضی رہائش یا گھروں کی مرمت پر خرچ کرنا پڑسکتی ہے۔
کچھ خاندانوں کو اپنے گھروں کی بحالی کیلئے قرض لینے یا آمدن پیدا کرنے والے اثاثے فروخت کرنے پر بھی مجبور ہونا پڑسکتا ہے، جس سے ان کی مالی مشکلات مزید بڑھنے اور طویل مدتی غربت میں جانے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
عالمی بینک نے مزید خبردار کیا کہ مالی معاونت نہ ملنے کی صورت میں متعدد خاندان تباہ شدہ، عارضی یا ساختی طور پر غیر محفوظ گھروں میں رہنے پر مجبور ہوسکتے ہیں، جس سے وہ مستقبل میں آنے والے سیلاب، طوفان، زلزلوں اور شدید گرمی جیسی قدرتی آفات کے مقابلے میں مزید غیر محفوظ ہوجائیں گے۔
عالمی بینک نے ہاؤسنگ پروگرام میں تبدیلیوں کے اعلان اور اس سے متعلق طریقہ کار پر بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار کے مطابق ہاؤسنگ معاونت محدود کرنے اور فنڈز کا رخ تبدیل کرنے کے فیصلے پر وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ بات چیت کی گئی تھی۔
تاہم عالمی بینک کا کہنا ہے کہ مشترکہ طور پر طے شدہ ابلاغی حکمت عملی مکمل ہونے سے قبل حکومت کی جانب سے تبدیلیوں کا عوامی اعلان اضافی خطرات کا باعث بنا، خصوصاً اس لیے کہ بڑی تعداد میں تصدیق شدہ گھرانے مطلوبہ کارروائی مکمل کرنے کے بعد منصوبے سے متعلق تحریری ذمہ داریاں بھی قبول کرچکے تھے اور انہیں مالی معاونت ملنے کی توقع تھی۔
ان تبدیلیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ عالمی بینک کے مطابق طے شدہ آخری تاریخ تک مستحقین کو خارج کرنے سے متعلق 66,120 شکایات منصوبے کے شکایتی نظام میں درج کی جاچکی تھیں۔
عالمی بینک نے مطالبہ کیا ہے کہ ہر شکایت کنندہ سے انفرادی طور پر رابطہ کرکے فیصلے سے باضابطہ آگاہ کیا جائے اور ان رابطوں کا تحریری ثبوت محفوظ کرکے بینک کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے۔
عالمی بینک نے خبردار کیا کہ فوری ہاؤسنگ مسائل کے علاوہ پہلے سے تصدیق شدہ مستحقین کو پروگرام سے خارج کرنا سیلاب متاثرہ آبادی میں ناانصافی کے تاثر کو بھی جنم دے سکتا ہے۔
بینک کے مطابق اس صورتحال سے سماجی تناؤ بڑھنے، سرکاری اداروں اور ترقیاتی پروگراموں پر عوامی اعتماد کم ہونے اور ہاؤسنگ بحالی منصوبے کے وسیع تر مقاصد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
عالمی بینک کا مؤقف ہے کہ بلوچستان میں سیلاب کے بعد بحالی کے عمل میں گھروں کی تعمیر نو کو بنیادی ترجیح برقرار رہنا چاہیے، خصوصاً ان کم آمدن گھرانوں کیلئے جو سرکاری مالی معاونت کے بغیر محفوظ اور پائیدار مکانات دوبارہ تعمیر کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔