تاریخ اشاعت: June 10, 2026 - 2:59 PM
Canada: Home Prices Fall by Nearly 20 Percent from Their Recent Peak
کینیڈا : گھروں کی قیمتیں اپنی حالیہ بلند ترین سطح کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد تک کم ہو گئیں
▫️کرایوں کی استطاعت میں بہتری کا بڑا سبب حکومت کی جانب سے امیگریشن پالیسی میں سخت تبدیلیاں قرار، آسٹریلیا میں رہائشی بحران شدت اختیار کر گیا۔
آسٹریلیا میں جہاں گھروں کی قیمتیں، کرائے اور رہائشی اخراجات مسلسل بڑھنے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، وہیں کینیڈا میں صورتحال اس کے برعکس نظر آ رہی ہے اور وہاں رہائشی اخراجات تیزی سے زیادہ قابلِ برداشت بنتے جا رہے ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق کینیڈا میں گھروں کی قیمتیں اپنی حالیہ بلند ترین سطح کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد تک کم ہو چکی ہیں، جبکہ رہائشی قرضوں کی شرح سود بھی اپنی حالیہ چوٹی سے نیچے آ گئی ہے۔
اس کے نتیجے میں گھر خریدنے کی استطاعت میں مسلسل بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
کینیڈا کے نیشنل بینک کی تازہ معاشی رپورٹ کے مطابق ملک میں مسلسل نو سہ ماہیوں سے رہائشی استطاعت میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جو ایک نئی تاریخی مثال ہے۔ اوسط آمدنی کے مقابلے میں رہائشی قرضوں کی ادائیگیوں کا بوجھ گزشتہ چار برسوں کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے۔
اگرچہ قومی سطح پر رہائشی قرضوں کی اقساط اب بھی آمدنی کے تقریباً 52.3 فیصد کے برابر ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صورتحال پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے۔ خاص طور پر بڑے شہروں Vancouver اور Toronto میں رہائش اب بھی مہنگی سمجھی جاتی ہے۔
بینک کے مطابق 2023 کی آخری سہ ماہی سے شرح سود میں مسلسل کمی رہائشی استطاعت میں بہتری کا ایک اہم سبب ہے۔ اسی دوران آمدنیوں میں بھی صحت مند اضافہ ہوا، جس کے باعث گھروں کی قیمتوں اور آمدنی کے تناسب میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ 2026 کے دوران بھی یہ رجحان برقرار رہے گا۔
دوسری جانب کینیڈا میں کرایوں کی استطاعت میں بہتری کا ایک بڑا سبب حکومت کی جانب سے امیگریشن پالیسی میں سخت تبدیلیاں قرار دی جا رہی ہیں۔
رہائش، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کینیڈا کی لبرل حکومت نے اکتوبر 2024 میں آبادی میں تیز رفتار اضافے کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر امیگریشن اصلاحات کا اعلان کیا تھا۔
ان اصلاحات کے تحت مستقل رہائش کے سالانہ اہداف میں نمایاں کمی کی گئی، بین الاقوامی طلبہ اور عارضی کارکنوں کی تعداد محدود کی گئی، جبکہ پناہ گزینوں اور سرحدی قوانین کو بھی سخت بنایا گیا۔
حکومت نے مستقل رہائش کے سالانہ ہدف کو 5 لاکھ سے کم کرکے 2027 تک 3 لاکھ 65 ہزار کر دیا ہے۔ اسی طرح بین الاقوامی طلبہ اور عارضی غیر ملکی کارکنوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ کمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
سرکاری تخمینوں کے مطابق 2027 کے اختتام تک غیر مستقل رہائشی افراد (NPRs) کی تعداد کینیڈا کی مجموعی آبادی کے تقریباً 5 فیصد تک محدود ہو جائے گی، جبکہ یہ شرح اپنے عروج پر 7.6 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امیگریشن اصلاحات کے اثرات تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔ 2025 کے دوران کینیڈا کی آبادی میں تقریباً ایک لاکھ افراد (0.25 فیصد) کی کمی ریکارڈ کی گئی، جو دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ آبادی میں سالانہ کمی کا واقعہ ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق گھروں کی قیمتوں میں کمی، کرایوں میں نرمی، آمدنیوں میں اضافہ اور آبادی کے دباؤ میں کمی نے مل کر کینیڈا میں رہائشی بحران کو کسی حد تک کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ آسٹریلیا اب بھی بڑھتی ہوئی رہائشی لاگت اور دستیابی کے مسائل سے نبرد آزما ہے۔