تاریخ اشاعت: June 12, 2026 - 4:17 PM
Dubai Announces AED 200 Billion Mega City Project by Emaar Properties
دبئی: اعمار پراپرٹیز نے 200 ارب درہم میں نیا میگا سٹی پراجیکٹ کا اعلان کر دیا
▫️45 لاکھ مربع میٹر سے زائد رقبے پر رہائشی ٹاورز، سپر لگژری ولاز، دفاتر، ہوٹلز، شاپنگ اور تفریحی سہولیات قائم کی جائیں گی
دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ تعمیر کرنے والی معروف ڈویلپر کمپنی اعمار پراپرٹیز نے 200 ارب درہم مالیت کے ایک بڑے اور غیر معمولی میگا منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت دبئی میں ایک نیا جدید شہر آباد کیا جائے گا۔
اعمار پراپرٹیز کے مطابق یہ منصوبہ 45 لاکھ مربع میٹر سے زائد وسیع رقبے پر مشتمل ہوگا، جہاں رہائشی ٹاورز، سپر لگژری ولاز، عالیشان مکانات، دفاتر، شاپنگ ایریاز، ہوٹلز، تفریحی مقامات اور عالمی معیار کی شہری سہولیات قائم کی جائیں گی۔
منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے جدید شہری تقاضوں کے مطابق اس انداز میں ڈیزائن کیا جائے گا کہ رہائشیوں کو روزمرہ زندگی کی بنیادی اور جدید سہولیات 20 منٹ کے اندر دستیاب ہوں۔ اس تصور کا مقصد ایک ایسے مربوط، آرام دہ اور پائیدار شہری ماحول کی تشکیل ہے جہاں رہائش، کاروبار، تفریح، خریداری اور دیگر ضروریات ایک ہی منصوبہ بند علاقے میں پوری کی جا سکیں۔
رپورٹس کے مطابق نئے میگا منصوبے میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد کی رہائش کی گنجائش ہوگی۔ منصوبے کو دبئی کے مستقبل کے شہری پھیلاؤ، بڑھتی ہوئی آبادی، بین الاقوامی سرمایہ کاری اور لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے۔
اعمار کے بانی محمد العبار نے منصوبے کو کمپنی کا اب تک کا ’’سب سے بڑا اور غیر معمولی خواب‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کے مستقبل پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق اعمار کا مقصد صرف عمارتیں تعمیر کرنا نہیں بلکہ ایسی کمیونٹیز بنانا ہے جو آنے والی نسلوں کیلئے جدید، محفوظ اور معیاری طرز زندگی فراہم کر سکیں۔
رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق 200 ارب درہم کا یہ منصوبہ دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ کیلئے ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف رہائشی اور کمرشل رئیل اسٹیٹ میں نئی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا بلکہ تعمیرات، سیاحت، ہوٹلنگ، ریٹیل اور سروسز سیکٹرز میں بھی معاشی سرگرمیاں بڑھنے کا امکان ہے۔
دبئی پہلے ہی عالمی سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور لگژری طرز زندگی کے خواہشمند افراد کیلئے ایک پرکشش مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ اعمار پراپرٹیز کا نیا میگا سٹی منصوبہ اس حیثیت کو مزید مضبوط کر سکتا ہے اور دبئی کو مستقبل کے جدید ترین شہری مراکز میں شامل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
توقع ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد دبئی میں رہائشی، تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو نئی وسعت ملے گی، جبکہ عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔