تاریخ اشاعت: September 9, 2026 - 2:34 PM
AI Has Made America’s Wealthy Even Richer : Luxury Home Sales Surge
اے آئی کی دولت نے امریکی پراپرٹی مارکیٹ کو تیز کر دیا، لگژری گھروں کی فروخت میں نمایاں اضافہ
▫️مجموعی ہاؤسنگ مارکیٹ سست، مگر اے آئی سے جڑی دولت نے لگژری رئیل اسٹیٹ کو نئی رفتار دے دی، سان فرانسسکو میں لگژری گھروں کی فروخت 39.3 فیصد بڑھ گئی
نیویارک | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزامریکہ کی مجموعی ہاؤسنگ مارکیٹ اس وقت سست روی کا شکار ہے، تاہم مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے پیدا ہونے والی نئی دولت نے لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو ایک مختلف رفتار دے دی ہے۔
امریکہ کی مجموعی ہاؤسنگ مارکیٹ اس وقت سست روی کا شکار ہے، تاہم مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے پیدا ہونے والی نئی دولت نے لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو ایک مختلف رفتار دے دی ہے۔ خاص طور پر سان فرانسسکو ساحلی علاقے میں اے آئی کمپنیوں سے وابستہ دولت مند خریدار مہنگے گھروں میں بڑی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تازہ ریڈفن اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں لگژری گھروں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ان گھروں کی درمیانی قیمت میں 4.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سان فرانسسکو میں لگژری ہوم سیلز میں تقریباً 39.3 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ملک کے مجموعی لگژری پراپرٹی رجحان کے مقابلے میں نمایاں تیزی کو ظاہر کرتا ہے۔
ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق اس رجحان کے پیچھے ٹیکنالوجی اور خاص طور پر AI سیکٹر سے وابستہ افراد کی بڑھتی ہوئی دولت ایک اہم عنصر ہے۔ AI کمپنیوں کے بانیوں، اعلیٰ عہدیداروں اور ملازمین میں دولت میں اضافے نے انہیں کروڑوں ڈالر مالیت کے گھروں کی خریداری کی زیادہ صلاحیت فراہم کی ہے۔
یہ صورتحال امریکی ہاؤسنگ مارکیٹ میں ایک دلچسپ فرق پیدا کررہی ہے۔ ایک طرف عام خریدار بلند قیمتوں اور رہن کی لاگت کے باعث محتاط ہیں، جبکہ دوسری جانب انتہائی دولت مند خریدار مہنگی اور پرتعیش پراپرٹیز میں سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر اے آئی سے وابستہ دولت میں اضافہ جاری رہا تو امریکہ کے بڑے ٹیک مراکز میں لگژری رئیل اسٹیٹ کی طلب مزید مضبوط ہوسکتی ہے، جس سے عام اور لگژری ہاؤسنگ مارکیٹ کے درمیان فرق بھی بڑھنے کا امکان ہے۔