تاریخ اشاعت: August 20, 2026 - 11:56 AM
China Further Eases Home Buying Rules, Cuts Down Payment for Second Homes to 15%
چین: گھر خریدنے کی شرائط مزید نرم کرنے کا اعلان، دوسرے گھر کی ڈاؤن پیمنٹ 15 فیصد کر دی گئی
▫️نیا گھر خرید کر پرانا فروخت کرنے والوں کیلئے 80 ہزار یوآن تک عارضی سبسڈی بھی متعارف، نئی ہاؤسنگ پالیسی کل سے نافذ ہوگی
چین میں پراپرٹی مارکیٹ کی کمزور مانگ کو بہتر بنانے کیلئے شنگھائی نے گھر خریدنے کی شرائط مزید نرم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت شنگھائی کے آؤٹر رنگ سے باہر دوسرا گھر خریدنے والے افراد کیلئے کمرشل مارگیج پر کم از کم ڈاؤن پیمنٹ 20 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کر دی جائے گی۔
یہ رعایت خاص طور پر ایسے خریداروں کیلئے اہم ہے جو پہلے ہی ایک گھر کے مالک ہیں اور شہر کے بیرونی علاقوں میں دوسری رہائشی پراپرٹی خریدنا چاہتے ہیں۔
شنگھائی نے ایسے افراد کیلئے بھی عارضی مالی مدد کا اعلان کیا ہے جو پہلے نیا گھر خریدیں اور بعد میں اپنا پرانا گھر فروخت کریں۔ ایسے خریداروں کو 80 ہزار یوآن (تقریباً 12 ہزار ڈالر) تک سبسڈی دی جا سکے گی۔
ان اقدامات کا مقصد گھر خریدنے کی لاگت کم کرنا، پراپرٹی کی خرید و فروخت بڑھانا اور شنگھائی کی کمزور ہاؤسنگ مارکیٹ میں نئی مانگ پیدا کرنا ہے۔
چین کا پراپرٹی سیکٹر کئی سال سے کمزور فروخت، گرتی قیمتوں اور بڑے ڈویلپرز کے مالی بحران سے متاثر ہے، جس کے باعث مختلف بڑے شہر گھر خریدنے سے متعلق پابندیاں اور مالی شرائط مرحلہ وار نرم کر رہے ہیں۔
شنگھائی کی نئی ہاؤسنگ پالیسی کل 21 اگست سے نافذ ہوگی۔