تاریخ اشاعت: August 29, 2026 - 4:07 PM
China Home Prices Expected to Fall Slightly Less in 2026 as Property Investment Slump Deepens
چین میں 2026 کے دوران گھروں کی قیمتوں میں معمولی کمی کا امکان، پراپرٹی سرمایہ کاری بحران مزید گہرا ہو گیا
▫️رائٹرز سروے کے مطابق رواں سال مکانات کی قیمتیں 3.4 فیصد گرنے کی توقع، پراپرٹی سرمایہ کاری میں 20 فیصد کمی کا تخمینہ
چین کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بحران ختم ہونے کے بجائے مزید طول پکڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ رائٹرز کے ایک حالیہ سروے کے مطابق 2026 میں گھروں کی قیمتوں میں گزشتہ اندازے کے مقابلے میں معمولی کمی متوقع ہے، تاہم پراپرٹی سرمایہ کاری اور گھروں کی فروخت میں کمی پہلے کے اندازوں سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
17 سے 27 اگست کے دوران 11 اداروں سے کیے گئے سروے کے مطابق چین میں گھروں کی قیمتیں 2026 میں 3.4 فیصد کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ مئی کے سروے میں 3.5 فیصد کمی کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
2027 کے لیے بھی مارکیٹ میں بہتری کے امکانات محدود ہیں۔ گھروں کی قیمتوں میں 0.3 فیصد کمی متوقع ہے، جبکہ تین ماہ قبل 0.3 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
پراپرٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے صورتحال زیادہ تشویشناک ہے۔ 2026 میں پراپرٹی سرمایہ کاری میں 20 فیصد کمی کا اندازہ لگایا گیا ہے، جو مئی کے سروے میں متوقع 12 فیصد کمی سے کہیں زیادہ ہے۔
اسی طرح مکانات کی فروخت (رقبے کے حساب سے) رواں سال 10 فیصد کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ گزشتہ سروے میں 8.3 فیصد کمی کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
چین کی پراپرٹی مارکیٹ میں موجودہ بحران 2021 میں اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب حکومتی ریگولیٹری اقدامات کے بعد بڑے ڈویلپرز کو مالی مشکلات اور لیکویڈیٹی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے اثرات اب بھی ملکی معیشت پر پڑ رہے ہیں۔
حکومت کی پالیسی اب مارکیٹ میں فوری تیزی لانے کے بجائے مالی خطرات کو محدود کرنے، نامکمل منصوبے مکمل کرنے، اضافی رہائشی اسٹاک کم کرنے اور خریداروں کا اعتماد بتدریج بحال کرنے پر مرکوز ہے۔
یوراثیا گروپ کی چینی ڈائریکٹر دین وینگ کے مطابق حکومت کی جانب سے پراپرٹی مارکیٹ میں تیزی لانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کے امکانات محدود ہیں، جبکہ پالیسی کی توجہ اضافی گھروں کا اسٹاک کم کرنے اور نئے رہائشی منصوبوں میں نمایاں کمی پر ہے۔
ماہرین کے مطابق چین کے بڑے شہروں میں پراپرٹی مارکیٹ میں کچھ عارضی بہتری ضرور دیکھی جا رہی ہے، لیکن اسے ملک بھر میں وسیع پیمانے پر بحالی قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔
ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے مطابق بڑے شہروں میں قیمتوں میں بہتری زیادہ تر مخصوص علاقوں اور بہتر معیار کی پراپرٹیز تک محدود ہے، جبکہ چھوٹے شہروں میں قیمتیں اب بھی اپنی نچلی سطح تلاش کر رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں آنے والی محدود بہتری کا اثر چین کے چھوٹے اور کم درجے کے شہروں کی پراپرٹی مارکیٹ تک فوری طور پر پہنچنے کے امکانات کم ہیں۔