تاریخ اشاعت: August 24, 2026 - 4:26 PM
First Home Buyers Gain Ground in Australia as Property Investors Pull Back
آسٹریلیا میں سرمایہ کار پیچھے ہٹنے لگے، پہلی بار گھر خریدنے والوں کی سرگرمی میں 10 فیصد اضافہ
▫️اگست کے ابتدائی ہفتوں میں پہلی بار گھر خریدنے والوں کی قرض درخواستیں بڑھ گئیں، حکومت کی 5 فیصد پیشگی ادائیگی سکیم نے نئے خریداروں کیلئے گھر کا حصول آسان بنا دیا
آسٹریلیا کی ہاؤسنگ مارکیٹ میں ایک اہم تبدیلی سامنے آرہی ہے، جہاں پراپرٹی سرمایہ کاروں کی سرگرمی کم ہونے کے ساتھ پہلی بار گھر خریدنے والے افراد دوبارہ مارکیٹ میں آگے آنے لگے ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق اگست کے ابتدائی حصے میں پہلی بار گھر خریدنے والوں کی گھر کیلئے قرض کی درخواستوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ رجحان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بلند شرح سود اور سرمایہ کاری کی پراپرٹیز سے متعلق ٹیکس پالیسیوں کے باعث سرمایہ کار محتاط ہوگئے ہیں۔
آسٹریلوی محکمہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار بھی سرمایہ کاروں کی سرگرمی میں نمایاں کمی ظاہر کرتے ہیں۔ جون 2026 کی سہ ماہی میں سرمایہ کاری کیلئے نئے ہاؤسنگ قرضوں کی تعداد 8.6 فیصد کم ہوئی جبکہ ان قرضوں کی مجموعی مالیت میں 10.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پہلی بار گھر خریدنے والوں کی واپسی میں وفاقی حکومت کی 5 فیصد پیشگی ادائیگی سکیم کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سکیم کے تحت اہل خریدار صرف 5 فیصد رقم اپنی طرف سے ادا کرکے گھر خریدنے کیلئے قرض حاصل کرسکتے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں سکیم کو وسیع کرتے ہوئے دستیاب جگہوں کی حد ختم، آمدنی کی پابندیاں ختم اور جائیداد کی قیمت کی حدود میں اضافہ کیا گیا تھا۔
اس سکیم کی وجہ سے اہل خریداروں کو عام طور پر درکار 20 فیصد پیشگی رقم جمع کرنے کیلئے کئی سال انتظار نہیں کرنا پڑتا اور وہ قرض دہندہ کے رہن بیمہ کے اضافی اخراجات سے بھی بچ سکتے ہیں۔
آسٹریلیا کی ہاؤسنگ مارکیٹ حالیہ مہینوں میں بلند شرح سود اور ٹیکس تبدیلیوں کے باعث قدرے سست ہوئی ہے، جبکہ قومی سطح پر گھروں کی قیمتیں مارچ کی بلند ترین سطح سے 1.6 فیصد نیچے آچکی ہیں۔
تازہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سرمایہ کاروں کی طلب کم ہونے سے پہلی بار گھر خریدنے والوں کیلئے مارکیٹ میں کچھ اضافی گنجائش پیدا ہوسکتی ہے، اگرچہ گھر کی استطاعت اور قرض کی بلند لاگت اب بھی نئے خریداروں کیلئے اہم چیلنج ہیں۔