تاریخ اشاعت: April 21, 2026 - 2:36 PM
Khabib Nurmagomedov Enters UAE Real Estate Market with $70 Million Dubai Islands Project
'نورما گومیدوف' کی متحدہ عرب امارات کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں انٹری، دبئی آئی لینڈز پر 70 ملین ڈالر کا منصوبہ
▫️'لوزورا ریزیڈینسز' نامی منصوبے میں رہائش اور ہوٹل کی سہولیات کا امتزاج پیش، دبئی میں طویل مدتی توسیعی منصوبوں کا اشارہ
سابق یو ایف سی چیمپئن نورما گومیدوف نے متحدہ عرب امارات کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں باقاعدہ قدم رکھتے ہوئے 'ڈی آئی اے ہولڈنگ' کے ساتھ ایک سٹریٹجک طویل مدتی شراکت داری قائم کر لی ہے، جو خطے میں ان کا پہلا بڑا کاروباری منصوبہ ہے۔
نورما گومیدوف ایک سابق پیشہ ور مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر ہیں جو جو ایف سی کے لائٹ ویٹ ڈویژن میں مقابلہ کرتے رہے۔ انہیں ایم ایم اے کی تاریخ کے عظیم ترین فائٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپریل 2018 سے مارچ 2021 تک یہ ٹائٹل اپنے پاس رکھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا اختتام 29 فتوحات اور صفر شکستوں کے ناقابلِ شکست ریکارڈ کے ساتھ کیا۔
اس اشتراک کا آغاز 'لوزورا ریزیڈینسز' نامی 70 ملین ڈالر مالیت کے منصوبے سے کیا گیا ہے، جو دبئی آ ئی لینڈز پر واقع ہے۔ یہ منصوبہ ایک ہائبرڈ ماڈل پر مبنی ہے، جس میں رہائشی یونٹس کے ساتھ ہوٹل جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ خریداروں کو ذاتی رہائش اور مہمان نوازی کی سہولتوں کا مشترکہ تجربہ حاصل ہو سکے۔
یہ منصوبہ دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں ابھرتے ہوئے اس رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جہاں سرمایہ کاری کے مواقع کے ساتھ ساتھ جدید اور لائف سٹائل پر مبنی رہائش کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ منصوبے میں 70 فیصد یونٹس سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ 30 فیصد 'اینڈ یوزرز' کے لیے رکھے گئے ہیں، جو منافع بخش سرمایہ کاری اور معیاری رہائش دونوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈی آ ئی اے ہولڈنگ' کے بانی اے قربانوف کے مطابق یہ شراکت داری مشترکہ اقدار جیسے نظم و ضبط، تسلسل اور بہترین کارکردگی پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نورماگومیدوف کا ناقابل شکست سپورٹس کیریئر کمپنی کے معیار اور بروقت تکمیل کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔ اس موقع پر حبیب نورماگومیدوف نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ میں قدم رکھنا ان کے طویل مدتی کاروباری وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ صرف عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ ایسی کمیونٹیز کی تشکیل ہے جو مستقبل کی ترقی کو فروغ دیں۔
یہ معاہدہ اس بات کا بھی عندیہ دیتا ہے کہ نورما گومیدوف مستقبل میں ' ڈی آ ئی اے ہولڈنگ' کے مزید منصوبوں میں بھی شامل رہیں گے، جن میں آئندہ ایک سال کے دوران ایک برانڈڈ پراجیکٹ متعارف کرانے کا امکان ہے۔
جیسے جیسے دبئی عالمی سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور نمایاں شخصیات کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے، اس نوعیت کی شراکت داریاں اس شہر کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ 'لوزورا ریزیڈینسز' جیسے منصوبے دبئی کی رہائشی مارکیٹ میں جدت، برانڈنگ اور لچکدار ملکیت کے نئے رجحانات کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔