تاریخ اشاعت: September 10, 2026 - 4:57 PM
Portugal Tops Global Real Estate Market as House Prices Rise 15.2%
عالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں کمی،پرتگال میں گھروں کی قیمتیں 15.2 فیصد بڑھ گئیں
▫️پرتگال دنیا بھر میں حقیقی رہائشی قیمتوں میں اضافے کے لحاظ سے سرفہرست، طلب اور رسد میں فرق بنیادی وجہ قرار
لزبن | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزعالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر قیمتوں میں کمی کے باوجود پرتگال نے رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے بہتر کارکردگی کا ...
عالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر قیمتوں میں کمی کے باوجود پرتگال نے رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں دنیا بھر میں حقیقی رہائشی جائیدادوں کی قیمتیں سالانہ بنیاد پر 1.2 فیصد کم ہوئیں،جبکہ 2025 کی آخری سہ ماہی میں یہ کمی 0.5 فیصد تھی۔ اس طرح رواں سال کے آغاز میں عالمی رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں کمی کی رفتار مزید تیز ہوئی۔
اس کے برعکس پرتگال میں حقیقی رہائشی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15.2 فیصد بڑھیں،جو بینک کے مطالعے میں شامل 57 معیشتوں میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔ شمالی مقدونیہ 12.5 فیصد اضافے کے ساتھ دوسرے جبکہ بلغاریہ 10.8 فیصد اضافے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ اس عرصے کے دوران یورو زون میں رہائشی قیمتوں کا اضافہ صرف 2.6 فیصد رہا۔
بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس کے مطابق پرتگال میں قیمتوں میں مسلسل اضافہ رہائشی جائیدادوں کی طلب اور رسد کے درمیان موجود نمایاں فرق کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت نے تعمیرات کے شعبے میں محصول کی شرح کم کرکے 6 فیصد کر دی ہے جبکہ نظرثانی شدہ منصوبہ بندی کے ضابطے کے تحت تعمیراتی اجازت ناموں کے عمل کو بھی آسان بنایا گیا ہے،تاہم ان اقدامات کے اثرات فوری طور پر سامنے آنے کی توقع نہیں ہے۔
پراپرٹی مارکیٹ انڈیکس کی ایک الگ تحقیق کے مطابق پرتگال میں نئی رہائشی تعمیرات کی رفتار گزشتہ دو دہائیوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔ 2020 سے 2024 کے دوران اوسطاً ہر سال صرف 21 ہزار نئے گھر مکمل ہوئے،جبکہ 2000 کی ابتدائی دہائی میں سالانہ اوسط تقریباً ایک لاکھ 4 ہزار گھروں کی تھی۔
رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری بھی تیزی سے بڑھی ہے۔ تحقیق کے مطابق 2024 میں پرتگال میں مجموعی رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے حجم میں 51 فیصد اضافہ ہوا،جس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا حصہ 81 فیصد رہا۔ اسی سال پرتگال نے 13.2 ارب یورو کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی،جس میں سے 3.5 ارب یورو رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں آئے۔
پرتگال میں پرتعیش نئی رہائشی جائیدادیں بھی تیزی سے بڑھنے والے شعبوں میں شامل ہیں۔ 2025 میں ملک بھر میں اس طبقے کی قیمتوں میں تقریباً 12 فیصد اضافہ ہوا،جبکہ ٹرویا اور کومپورٹا جیسے علاقوں میں قیمتیں 18 فیصد تک بڑھیں۔ ان علاقوں میں 2026 کے اختتام تک مزید 9 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دارالحکومت لزبن کے ایونیدا دا لیبرداد علاقے میں نئی پرتعیش رہائشی جائیدادوں کی قیمت فی مربع میٹر 12 ہزار یورو تک پہنچ چکی ہے۔
پراپرٹی مارکیٹ انڈیکس کی ترجمان امانڈا کولنسن کے مطابق پرتگال کی جائیداد مارکیٹ عالمی رجحان کے برعکس اس لیے کارکردگی دکھا رہی ہے کیونکہ یہاں طلب اور رسد کی بنیادی صورتحال مختلف ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی خریداروں،خصوصاً پرتعیش نئی جائیدادوں کے لیے طلب،محدود رسد سے مسلسل زیادہ ہے۔
تحقیق کے مطابق پرتگال کے اہم رئیل اسٹیٹ مراکز میں قیمتوں میں اضافہ کم از کم 2027 تک یورپی یونین،برطانیہ اور شمالی امریکا کی متوقع شرح سے دو گنا سے بھی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔