تاریخ اشاعت: July 7, 2026 - 12:56 PM
Saudi Arabia Issues New Property Ownership Rules for Foreigners
سعودی عرب نے غیر ملکیوں کیلئے جائیداد خریدنے کے نئے قواعد جاری کر دیے
▫️مکہ اور مدینہ میں جائیداد صرف غیر ملکی مسلمان خرید سکیں گے، خلاف ورزی پر ایک کروڑ سعودی ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے
سعودی عرب نے غیر ملکیوں کے لیے جائیداد کی ملکیت سے متعلق نئے قواعد جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت غیر سعودی افراد، کمپنیوں، غیر منافع بخش اداروں، سرمایہ کاری فنڈز اور غیر ملکی شراکت دار رکھنے والی سعودی کمپنیوں کو مملکت کے مختلف شہروں میں جائیداد خریدنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
نئے قانون کے تحت غیر ملکی سرمایہ کار ریاض، جدہ، مکہ، مدینہ اور سعودی عرب کے دیگر شہروں میں جائیداد خرید سکیں گے۔ تاہم مکہ اور مدینہ میں جائیداد کی ملکیت صرف مسلمان غیر ملکی افراد اور غیر ملکی حصص رکھنے والی سعودی کمپنیوں تک محدود ہوگی۔
نئے قواعد کے تحت جائیداد کی لازمی رجسٹریشن، وزارت داخلہ سے منظور شدہ ڈیجیٹل شناخت، سعودی بینک اکاؤنٹ اور رجسٹرڈ موبائل نمبر جیسی شرائط پوری کرنا ضروری ہوگا۔
قانون کے مطابق غیر ملکیوں پر جائیداد کی منتقلی کے دوران مختلف ٹیکس اور فیسیں بھی عائد ہوں گی۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات جائیداد کی خرید و فروخت کو باضابطہ بنانے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور قانونی شفافیت یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
نئے قانون میں گمراہ کن معلومات فراہم کرنے یا دیگر خلاف ورزیوں پر سخت سزائیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں ایک کروڑ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ بعض صورتوں میں متعلقہ جائیداد کی نیلامی بھی کی جا سکے گی۔