تاریخ اشاعت: August 29, 2026 - 10:56 AM
Toronto Real Estate Market Could Heat Up This Fall
ٹورنٹو کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں موسمِ خزاں میں تیزی کے امکانات
▫️معاشی غیر یقینی کے باعث خریدار محتاط، جولائی 2026 میں نئی پراپرٹی لسٹنگز سالانہ بنیاد پر 17.8 فیصد کم ہو گئی
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں موسمِ خزاں کے دوران سرگرمی بڑھنے کے امکانات ہیں، کیونکہ موسمِ گرما کی نسبتاً سست مارکیٹ کے بعد خریدار اور فروخت کنندگان دوبارہ مارکیٹ کا رخ کر سکتے ہیں۔
ٹورنٹو ریجنل رئیل اسٹیٹ بورڈ (TRREB) کے مطابق موسمِ بہار اور خزاں روایتی طور پر ٹورنٹو کی پراپرٹی مارکیٹ کے مصروف ترین ادوار رہے ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں مارکیٹ میں بڑے اتار چڑھاؤ اور کینیڈا اور امریکا کے درمیان تجارتی کشیدگی کے باعث موسمی رجحانات پہلے کی طرح واضح نہیں رہے۔
اس کے باوجود بعض رئیل اسٹیٹ ماہرین ستمبر میں مارکیٹ کے زیادہ فعال ہونے کی توقع کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کچھ علاقوں میں بعض خریدار سمجھتے ہیں کہ پراپرٹی مارکیٹ شاید اپنی کم ترین سطح دیکھ چکی ہے۔
کینیڈا مارگیج اینڈ ہاؤسنگ کارپوریشن (CMHC) کے گریٹر ٹورنٹو ایریا ہاؤسنگ مارکیٹ کے صف اول کے اکانومسٹ Jordan Nanowski کے مطابق مارکیٹ میں حالیہ عرصے کے دوران بہتری آئی ہے اور صورتحال خریداروں کی مارکیٹ سے زیادہ متوازن مارکیٹ کی طرف منتقل ہوئی ہے۔
ان کے مطابق خاص طور پر Millennials کی جانب سے مسی ساگا اور گریٹر ٹورنٹو ایریا کے دیگر علاقوں میں گھروں کی خریداری میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ یہ خریدار نسبتاً سستے کم بلند عمارتوں والے گھروں کی تلاش میں کافی عرصے سے مارکیٹ سے باہر انتظار کر رہے تھے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ مارکیٹ میں قیمت کا درست تعین انتہائی اہم ہے۔ اگر کسی پراپرٹی کی قیمت مارکیٹ سے معمولی بھی زیادہ رکھی جائے تو خریدار اس سے دور رہ سکتے ہیں اور پراپرٹی زیادہ عرصے تک فروخت کے لیے موجود رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب اچھی حالت میں موجود، جدید سہولیات سے آراستہ اور بہتر مقامات پر واقع گھروں کو دوبارہ نمایاں دلچسپی مل رہی ہے، جبکہ بعض پراپرٹیز کے لیے خریداروں کے درمیان مقابلہ بھی دیکھا جا رہا ہے۔
'ٹی آ ر آ ر ای بی'
کے مطابق جولائی 2026 میں نئی پراپرٹی لسٹنگز 14,484 رہیں، جو جولائی 2025 کے مقابلے میں 17.8 فیصد کم ہیں۔ بورڈ کے چیف انفارمیشن آفیسر Jason Mercer کے مطابق 2026 کے دوران نئی لسٹنگز مسلسل کم رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسمِ خزاں میں خریداروں کی واپسی کے ساتھ پراپرٹی کی دستیابی محدود رہی تو مارکیٹ میں مقابلہ بڑھ سکتا ہے، جس سے قیمتوں میں مزید کمی کے رجحان کو سہارا ملنے کا امکان کم ہو سکتا ہے۔