تاریخ اشاعت: August 29, 2026 - 12:06 PM
UAE Property Market Cools as Dubai Home Prices and Rents Decline
متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں مندی، دبئی میں گھروں کی قیمتیں اور کرایے کم ہو گئے
▫️دبئی کے اپارٹمنٹس اور ولاز کی قیمتوں میں 3 فیصد کمی، ابوظبی اور شارجہ کی مارکیٹس بھی سست
متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران تیزی کی رفتار کم ہوئی ہے۔ Colliers کے مطابق دبئی میں گھروں کی قیمتیں اور کرایے کم ہوئے، جبکہ ابوظبی کی مارکیٹ میں بھی اعتدال اور شارجہ میں پراپرٹی کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔
دبئی میں اپارٹمنٹس اور ولاز کی اوسط قیمتیں سہ ماہی بنیاد پر 3 فیصد کم ہوئیں۔ اسی دوران اپارٹمنٹ کے کرایوں میں 4 فیصد جبکہ ولاز کے کرایوں میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
'کولیئرز' کے مطابق دبئی کی رہائشی مارکیٹ اب تیزی سے معمول کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اگرچہ قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، لیکن مارکیٹ کی مجموعی کارکردگی توقعات کے مقابلے میں زیادہ مضبوط رہی ہے۔
آف پلان پراپرٹی مارکیٹ میں صورتحال مختلف رہی، جہاں خریداروں کی دلچسپی برقرار رہی، تاہم طلب زیادہ منتخب نوعیت اختیار کر گئی ہے۔
دبئی میں نئی رہائشی سپلائی بھی جاری ہے۔ 2026 کی دوسری سہ ماہی میں تقریباً 11,650 رہائشی یونٹس مکمل ہوئے، جن میں 9,200 اپارٹمنٹس اور 2,450 ولاز شامل ہیں۔ مزید 56,600 یونٹس 2026 کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
دبئی میں میٹرو توسیع، سڑکوں کی اپ گریڈیشن، نئے انٹرچینجز، سرنگوں اور اتحاد ریل کے سٹیشنز سمیت بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
دبئی کے کرایوں کی مارکیٹ میں بھی گزشتہ چند سال کی تیز رفتار ترقی کے بعد اعتدال آیا ہے۔ Colliers کے مطابق بڑھتے ہوئے کرایوں اور گھروں کی قیمتوں کے باعث affordability ایک اہم مسئلہ بن رہی ہے، جبکہ کچھ کرایہ دار اب کرائے کے بجائے گھر خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ 2026 کی دوسری سہ ماہی میں لیزنگ ٹرانزیکشنز میں تقریباً ایک چوتھائی کمی ہوئی۔
کرایہ داروں کے لیے سہولت پیدا کرنے کے مقصد سے دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ نے Flexi Rent اقدام شروع کیا ہے، جس کے تحت شریک مالک مکان ماہانہ، سہ ماہی یا ششماہی بنیاد پر کرایہ وصول کر سکتے ہیں۔
تاہم دبئی کی آفس مارکیٹ نے بہتر کارکردگی برقرار رکھی۔ آف پلان گریڈ A دفاتر کی مضبوط طلب نے مختلف علاقوں میں قیمتوں میں اضافے کو سہارا دیا۔
'کولئیرز' کے مطابق ابوظبی میں بھی قیمتوں اور کرایوں میں سہ ماہی بنیاد پر کمی دیکھی گئی، جبکہ شارجہ اور رأس الخیمہ میں اپارٹمنٹس کی قیمتوں میں نرمی آئی۔ مجموعی طور پر امارات کی رہائشی مارکیٹ غیر معمولی تیزی کے دور سے نکل کر زیادہ متوازن مرحلے میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔