تاریخ اشاعت: September 26, 2026 - 11:02 AM
Revenue Record Mutation Cannot Be Challenged Without Solid Evidence: Supreme Court
ٹھوس شواہد کے بغیر ریونیو ریکارڈ میں درج انتقال چیلنج نہیں کیا جا سکتا: سپریم کورٹ
▫️ فراڈ، جعلسازی یا ریکارڈ میں غلطی کا الزام ثابت کرنے کیلئے قابلِ اعتماد شواہد ضروری قرار، بلوچستان اراضی تنازع میں درخواست خارج
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانسپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سرکاری ریونیو ریکارڈ میں درج انتقالات اور دیگر اندراجات کو قانون کے تحت درست تصور کیا جاتا ہے اور ان کی قانونی حیثیت محض اعتراض یا الزام کی بنیاد پر ختم نہیں کی جا سکتی۔
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سرکاری ریونیو ریکارڈ میں درج انتقالات اور دیگر اندراجات کو قانون کے تحت درست تصور کیا جاتا ہے اور ان کی قانونی حیثیت محض اعتراض یا الزام کی بنیاد پر ختم نہیں کی جا سکتی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بلوچستان میں اراضی کی ملکیت سے متعلق عبداللطیف اور دیگر کی سول پٹیشن خارج کرتے ہوئے اپیل کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
جسٹس عقیل احمد عباسی کی جانب سے تحریر کیے گئے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعہ 52 کے تحت سرکاری ریونیو ریکارڈ میں درج انتقالات اور دیگر اندراجات کو سچائی کا قانونی مفروضہ حاصل ہوتا ہے۔ اس مفروضے کو ختم کرنے کے لیے چیلنج کرنے والے فریق کو ٹھوس اور قابلِ اعتماد شواہد پیش کرنا ہوں گے۔
عدالت نے واضح کیا کہ محض کسی ہبہ یا ریونیو ریکارڈ میں درج انتقال پر اعتراض کرنا کافی نہیں۔ اگر کسی فریق کا مؤقف ہو کہ انتقال فراڈ، جعلسازی یا ریکارڈ میں کسی غلطی کے نتیجے میں درج کیا گیا، تو اسے اپنے دعوے کے حق میں قابلِ اعتماد اور ٹھوس ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق مدعا علیہ عبدالجبار کے حق میں 30 اکتوبر 1998 کو انتقال نمبر 448 درج کیا گیا تھا، تاہم درخواست گزاروں یا سابق مالک کے قانونی ورثاء نے اس انتقال کو نہ تو ریونیو حکام کے سامنے چیلنج کیا اور نہ ہی کسی عدالت میں اس کی قانونی حیثیت پر اعتراض اٹھایا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ محض دیر سے اٹھایا گیا اعتراض یا غیر ثابت شدہ دعویٰ کسی پرانے ریونیو اندراج کو کالعدم قرار دینے کے لیے کافی نہیں۔ عدالت نے اسی بنیاد پر درخواست گزاروں کی سول پٹیشن خارج کر دی۔