تاریخ اشاعت: July 31, 2026 - 4:09 PM
Rs 13 Billion Solar Project for More Than 45,000 Homes in Merged Districts Faces Further Delay as Federal Government Rejects PC-I
ضم شدہ اضلاع میں 13 ارب مالیت کا 45 ہزار سے زائد گھروں کا سولر منصوبہ مزید تاخیر کا شکار، وفاق نے پی سی ون مسترد کر دیا
▫️وفاقی حکومت کے تکنیکی، مالی اور انتظامی اعتراضات، خیبر پختونخوا کو منصوبے کی دستاویزات ازسرنو تیار کرنے کی ہدایت
خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں 45 ہزار 887 گھروں کو شمسی توانائی فراہم کرنے کا منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، کیونکہ وفاقی حکومت نے منصوبے کے پی سی ون پر سنگین تکنیکی، مالی اور انتظامی اعتراضات اٹھاتے ہوئے اسے ازسرنو تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے پی سی ون میں متعدد خامیاں پائی گئی ہیں، جن کے باعث منصوبے کی منظوری کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔ وفاقی حکومت نے 2024 میں اس منصوبے کے لیے صوبائی حکومت کو 13 ارب روپے فراہم کیے تھے، تاہم تین سال گزرنے کے باوجود مستحق خاندانوں کو سولر سسٹمز کی فراہمی شروع نہیں ہو سکی۔
منصوبے کا مقصد ضم شدہ اضلاع کے ہزاروں گھروں کو کم لاگت، ماحول دوست اور پائیدار بجلی فراہم کرنا ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں بجلی کی فراہمی محدود یا غیر یقینی ہے۔
اس معاملے پر 7 جولائی 2026 کو ممبر انرجی کی زیر صدارت پری سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پلان اور سولر منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ناقص منصوبہ بندی اور نامکمل دستاویزات کے باعث منصوبہ منظوری کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر سکا۔
اس سے قبل 31 دسمبر 2025 کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ہدایت کی گئی تھی کہ منصوبے کو قرض کے بجائے گرانٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔ مستند اور تجربہ کار وینڈرز کا انتخاب کیا جائے جبکہ مستحق خاندانوں کی شفاف نشاندہی کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا جائے۔
تاہم پلاننگ کمیشن کے انرجی ونگ نے پی سی ون کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس میں تکنیکی ڈیزائن، لاگت کے تخمینے، مستحقین کے انتخاب، خریداری کے طریقہ کار اور منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق متعدد خامیوں کی نشاندہی کی۔
وفاقی حکام نے خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایت کی ہے کہ تمام اعتراضات دور کر کے نیا پی سی ون تیار کیا جائے تاکہ منصوبے کو دوبارہ منظوری کے لیے پیش کیا جا سکے۔
مزید تاخیر کے باعث ضم شدہ اضلاع کے ان ہزاروں خاندانوں میں تشویش بڑھ رہی ہے جو طویل عرصے سے بجلی کی محدود سہولت کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور اس منصوبے سے فوری ریلیف کی توقع