تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 12:01 PM
Supreme Court Issues Key Ruling: Time Cannot Be Treated as an Essential Condition in Real Estate Agreements
سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ: غیر منقولہ جائیداد کے معاہدے میں وقت کو بنیادی شرط قرار نہیں دیا جا سکتا
▫️فریقین کی واضح رضامندی اور نقصان ثابت ہونا ضروری، مشترکہ معاہدے میں الگ قابلِ تقسیم جائیداد کے مالک پر اس کی اپنی ذمہ داری برقرار رہے گی: فاضل عدالت
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان سپریم کورٹ نے غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ جائیداد کے معاہدے میں وقت کو بنیادی شرط اس وقت تک قرار نہیں دیا جا سکتا جب تک فریقین نے واضح طور پر اسے لازمی شرط نہ ...
سپریم کورٹ نے غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ جائیداد کے معاہدے میں وقت کو بنیادی شرط اس وقت تک قرار نہیں دیا جا سکتا جب تک فریقین نے واضح طور پر اسے لازمی شرط نہ بنایا ہو اور معاہدے میں تاخیر کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کو بھی ثابت نہ کیا جائے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے مارگلہ ٹاؤن فیز ٹو، اسلام آباد کے پلاٹس نمبر 311 اور 312 سے متعلق سول درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے بشیر احمد اور جاوید اقبال کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کی کوئی قانونی بنیاد نہیں پائی اور اپیل کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
جسٹس عقیل احمد عباسی کی جانب سے تحریر کیے گئے فیصلے کے مطابق فریقین کے درمیان 19 مارچ 2002 کو پلاٹ نمبر 311 اور 312 کی خرید و فروخت کے لیے مجموعی طور پر 14 لاکھ روپے کا معاہدہ طے پایا تھا، جبکہ خریدار کی جانب سے 2 لاکھ 20 ہزار روپے بطور بیعانہ ادا کیے گئے تھے۔
عدالت نے قرار دیا کہ غیر منقولہ جائیداد کے معاہدے میں محض وقت گزر جانے کی بنیاد پر فریق کو کنٹریکچوئل ذمہ داری سے بری نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ معاہدے میں وقت کو فریقین نے واضح طور پر بنیادی اور لازمی شرط قرار دیا تھا اور تاخیر سے متعلق قابلِ ثبوت نقصان بھی ہوا۔
سپریم کورٹ نے مشترکہ معاہدے سے متعلق بھی اہم اصول واضح کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر ایک ہی معاہدے میں متعدد فروخت کنندگان کی جائیدادیں الگ، واضح اور قابلِ تقسیم ہوں تو کسی ایک فروخت کنندہ کی جانب سے اپنی جائیداد سے متعلق معاہدے کا اقرار ہونے کی صورت میں اس کی ملکیت سے متعلق معاہدہ نافذ کیا جا سکتا ہے۔
عدالت کے مطابق پلاٹ نمبر 312 کے مالک بشیر احمد نے اپنے تحریری جواب میں معاہدے میں شامل ہونے، بیعانہ وصول کرنے اور اپنا پلاٹ فروخت کرنے کا واضح طور پر اقرار کیا تھا۔ اس لیے وہ محض اس بنیاد پر اپنی کنٹریکچوئل ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہو سکتے کہ دوسرے شریک فروخت کنندہ محمد سلیم کے پلاٹ سے متعلق معاہدہ ثابت نہیں ہوسکا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ جب کسی فروخت کنندہ نے اپنی مخصوص اور قابلِ تقسیم جائیداد سے متعلق معاہدے اور بیعانہ وصول کرنے کا اعتراف کرلیا ہو تو دوسرے شریک فروخت کنندہ سے متعلق معاملے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی بنیاد پر اسے معاہدے کے مطابق اپنی ذمہ داری سے فرار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تین رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کے لیے کوئی قانونی جواز نہ ملنے پر دونوں سول درخواستیں خارج کردیں اور درخواست گزاروں کو اپیل کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا۔
سپریم کورٹ کے اس فیصلے میں غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت کے معاہدوں میں وقت کی شرط، بیعانہ، فریقین کے اقرار اور الگ قابلِ تقسیم جائیداد کی کنٹریکچوئل ذمہ داریوں سے متعلق اہم قانونی اصول واضح کیے گئے ہیں۔