تاریخ اشاعت: May 23, 2026 - 1:00 PM
UAE Real Estate Market Remains Strong as Sharjah Leads New Project Launches in Northern Emirates
یو اے ای کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ مضبوط، شمالی امارات میں نئے منصوبوں کے آغاز میں شارجہ سرفہرست
▫️کولیئرز رپورٹ کے مطابق ابوظہبی، دبئی اور شمالی امارات میں اعلیٰ معیار کی رہائشی کمیونٹیز اور گریڈ اے دفتری جگہوں کی طلب برقرار
متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر مضبوط رہی، اور کم و بیش یہی صورتحال اب بھی جاری ہے۔ جبکہ ابوظہبی پریمیم رہائشی کمیونٹیز اور گریڈ اے کمرشل اثاثوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کئی علاقائی مارکیٹوں سے بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے ۔
کولیئرز کی تازہ مارکیٹ اسیسمنٹ کے مطابق ابوظہبی کا رہائشی شعبہ تیز رفتار قیمتوں میں اضافے کے بعد اب نسبتاً پائیدار ترقی کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ پہلی سہ ماہی کے دوران دارالحکومت میں تقریباً 1,200 رہائشی یونٹس مکمل کیے گئے، جبکہ سال کے اختتام تک مزید تقریباً 7,000 یونٹس مکمل ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ڈیویلپرز نے 22 نئے منصوبے شروع کیے، جن میں 9 برانڈڈ رہائشی منصوبے بھی شامل ہیں۔ یہ پیش رفت طویل مدتی طلب پر سرمایہ کاروں اور ڈیولپرز کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
ابوظہبی میں کرایوں میں اضافہ بدستور مضبوط رہا، تاہم اب اس میں اعتدال کے آثار بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ اپارٹمنٹس کے اوسط کرایوں میں سالانہ بنیاد پر 15 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مڈ مارکیٹ منصوبوں میں یہ اضافہ 20 فیصد سے بھی تجاوز کر گیا۔ ولاز کے کرایوں میں سالانہ 6 فیصد اور سہ ماہی بنیاد پر 1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ یاس آئی لینڈ کی پریمیم کمیونٹیز مجموعی مارکیٹ سے بہتر کارکردگی دکھاتی رہیں۔
ابوظہبی کا آفس سیکٹر بھی مضبوط رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے جہاں اہم کاروباری اضلاع میں آکوپینسی لیول 95 فیصد سے اوپر چلا گیا۔ محدود گریڈ اے سپلائی اور مالیاتی اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور ملٹی نیشنل اداروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث دفتری کرایوں میں سالانہ 8 فیصد سے 20 فیصد تک اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ابوظہبی میں رہائشی لین دین بھی غیر معمولی طور پر مضبوط رہا، جہاں پہلی سہ ماہی میں تقریباً 7,800 سودے ریکارڈ کیے گئے۔ یہ سہ ماہی بنیاد پر 10 فیصد اور گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 119 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ اپارٹمنٹس کی فروختی قیمتوں میں سالانہ 32 فیصد جبکہ ولاز کی قیمتوں میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔
دبئی میں پراپرٹی مارکیٹ وبا کے بعد تیز رفتار توسیعی مرحلے سے بتدریج آگے بڑھ رہی ہے، تاہم طلب کے بنیادی عوامل بدستور مضبوط ہیں۔ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 10,000 سے زائد اپارٹمنٹس اور تقریباً 1,900 ولاز کے قبضے دیے گئے۔ سال کے اختتام تک مزید 65,000 اپارٹمنٹس اور 12,500 ولاز مارکیٹ میں آنے کی توقع ہے، اگرچہ کچھ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا امکان موجود ہے۔
دبئی میں کرایوں میں اضافہ مثبت رہا، خاص طور پر افورڈ ایبل اور مڈ مارکیٹ کمیونٹیز میں، جبکہ ولاز کے کرائے بڑی حد تک مستحکم رہے۔ آفس سیکٹر دبئی کے مضبوط ترین شعبوں میں شامل رہا، جس کی وجہ ڈی آئی ایف سی اور بزنس بے جیسے اہم کاروباری مراکز میں مکمل شدہ گریڈ اے دفتری جگہوں کی کمی ہے۔
شمالی امارات میں 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً 5,200 رہائشی یونٹس لانچ کیے گئے، جو 2025 کی بلند سطح کے مقابلے میں تقریباً 60 فیصد کم ہیں۔ نئے منصوبوں کے آغاز میں شارجہ تقریباً 1,700 یونٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، جس کے بعد راس الخیمہ، عجمان اور ام القوین شامل ہیں۔
کولیئرز کے مطابق یو اے ای کی پراپرٹی مارکیٹس اب تک علاقائی جغرافیائی سیاسی دباؤ سے بڑی حد تک محفوظ رہی ہیں، تاہم آئندہ سہ ماہیاں اس بات کا تعین کرنے کے لیے اہم ہوں گی کہ بڑھتی ہوئی سپلائی اور بیرونی معاشی دباؤ قیمتوں میں استحکام یا لین دین کی رفتار میں کمی کا سبب بنتے ہیں یا نہیں۔