تاریخ اشاعت: June 4, 2026 - 2:05 PM
Pakistan’s Ambassador Kept Unaware of Legal Status in Japan Mosque Construction Controversy
جاپان میں مسجد کی مبینہ غیر قانونی تعمیر کا معاملہ، پاکستانی سفیر کو قانونی صورتحال سے لاعلم رکھا گیا
▫️پاکستانی سفارتخانے کے مطابق سفیر عبد الحمید بھٹہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت سے قبل منتظمین سے قانونی تقاضوں سے متعلق معلومات حاصل کی تھیں
جاپان کے شہر کاواگوئے میں قائم “جامع مسجد رمضان” کی مبینہ غیر قانونی تعمیر کا معاملہ مقامی انتظامی تنازع سے نکل کر بین الاقوامی سطح پر زیر بحث آ گیا۔ مسجد کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کے سفیر برائے جاپان عبد الحمید بھٹہ کی شرکت کے بعد جاپانی، بھارتی اور اسرائیلی میڈیا نے معاملے کو نمایاں کوریج دی، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف دعوے، تبصرے اور بحث جاری ہے۔
رواں سال اپریل میں جامع مسجد رمضان کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی، جس میں پاکستانی سفیر عبد الحمید بھٹہ نے خصوصی شرکت کی۔ تاہم بعد ازاں کاواگوئے شہر کی میئر ہتسوئی موریتا نے ایک پریس کانفرنس میں مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ مسجد اربن ڈویلپمنٹ کنٹرولڈ ایریا میں مقامی قوانین کے تحت ضروری اجازت نامے حاصل کیے بغیر تعمیر کی گئی، اس لیے اسے غیر قانونی تعمیر قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق سفیر عبد الحمید بھٹہ کو مسجد کی قانونی حیثیت یا اجازت ناموں سے متعلق کسی تنازع سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ سفیر نے تقریب میں شرکت سے قبل منتظمین سے قانونی تقاضوں کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں، جس پر منتظمین کی جانب سے بتایا گیا کہ مسجد کی تعمیر میں تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کی گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر کی تقریب میں شرکت مذہبی اور کمیونٹی نوعیت کی سرگرمی کے طور پر تھی، تاہم بعد میں جب مقامی انتظامیہ کی جانب سے تعمیرات پر اعتراضات سامنے آئے تو معاملہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ جاپانی میڈیا نے اسے مقامی شہری منصوبہ بندی اور تعمیراتی قوانین کے تناظر میں رپورٹ کیا، جبکہ بھارتی اور اسرائیلی میڈیا نے سفیر پاکستان کی شرکت کو نمایاں انداز میں پیش کیا۔
کاواگوئے انتظامیہ کے مؤقف کے مطابق متعلقہ مقام اربن ڈویلپمنٹ کنٹرول ایریا میں آتا ہے، جہاں تعمیرات کے لیے مخصوص قانونی اجازت نامے اور ضابطے درکار ہوتے ہیں۔ میئر ہتسوئی موریتا کے بیان کے بعد مقامی سطح پر یہ بحث شروع ہوئی کہ آیا مسجد انتظامیہ نے تعمیر سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے تھے یا نہیں۔
پاکستانی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ سفیر پاکستان کو منتظمین کی جانب سے دی گئی معلومات کی بنیاد پر تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی اور انہیں کسی غیر قانونی تعمیر یا اجازت ناموں کے تنازع سے لاعلم رکھا گیا۔ سفارتخانے کے مطابق اس معاملے میں مقامی قوانین اور انتظامی کارروائی جاپانی حکام کے دائرہ اختیار میں ہے۔
معاملے کے سامنے آنے کے بعد جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ کمیونٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ مذہبی مقامات کی تعمیر میں مقامی قوانین، اجازت ناموں اور شہری منصوبہ بندی کے ضوابط کی مکمل پاسداری ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے تنازعات سے بچا جا سکے۔