تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 11:20 AM
China Unveils Major Property Reforms to Tackle Prolonged Housing Crisis
چین میں ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کیلئے پراپرٹی شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات
▫️پری سیل ماڈل ختم کرنے کی سمت پیش رفت، فنڈنگ کی نگرانی سخت، مارگیج کی مدت 30 سے بڑھا کر 40 سال کر دی گئی
بیجنگ | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزچین نے کئی سال سے جاری ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے اور خریداروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پراپرٹی مارکیٹ میں بڑی اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے، جن میں نامکمل گھروں کی فروخت کے روایتی پری سیل ماڈل میں بنیادی تبدیل...
چین نے کئی سال سے جاری ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے اور خریداروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پراپرٹی مارکیٹ میں بڑی اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے، جن میں نامکمل گھروں کی فروخت کے روایتی پری سیل ماڈل میں بنیادی تبدیلی، ڈویلپرز کی فنڈنگ کی نگرانی سخت کرنا اور مارگیج کی مدت بڑھانا شامل ہے۔
رائٹرز کے مطابق اگست کے آخر میں 10 وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں نے مشترکہ طور پر اصلاحات کے پیکیج کا اعلان کیا۔ ان اقدامات کا مقصد ایسے حالات کی روک تھام ہے جن میں خریداروں نے ایسے گھروں کیلئے مارگیج ادا کیے جو ڈویلپرز کے مالی بحران کے باعث مکمل نہیں ہو سکے۔
نئے اصلاحاتی پیکیج کے تحت نامکمل گھروں کی پہلے سے فروخت کے موجودہ طریقہ کار کو مرحلہ وار ختم کرنے کی سمت پیش رفت کی جا رہی ہے۔ پری سیل ماڈل کے تحت ڈویلپرز خریداروں سے حاصل ہونے والی رقوم کو نئے منصوبوں کی تعمیر اور توسیع کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، تاہم پراپرٹی بحران کے دوران کئی منصوبے ادھورے رہنے سے خریداروں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکومت نے منصوبوں کی فنڈنگ کی نگرانی بھی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مارگیج کی رقم جاری کرنے کو منصوبے کی تکمیل سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ڈویلپرز کے مالی بحران کی صورت میں خریداروں کو نامکمل گھروں اور قرضوں کے دوہرے بوجھ سے بچانا ہے۔
اصلاحات میں مارگیج کی زیادہ سے زیادہ مدت 30 سال سے بڑھا کر 40 سال کرنا بھی شامل ہے۔ رائٹرز کے مطابق 1990 کی دہائی کے بعد یہ پہلی بڑی تبدیلی ہے جس کے ذریعے خریداروں کیلئے طویل مدت میں قرض کی ادائیگی کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
چین میں ہاؤسنگ بحران کے باعث تقریباً 40 لاکھ گھر فروخت کیلئے موجود ہیں، جبکہ 2026 کے پہلے آٹھ ماہ میں پراپرٹی کی فروخت رقبے کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر 12.1 فیصد کم ہوئی۔ رائٹرز کے مطابق اصلاحات سے زمین کی فروخت سے مقامی حکومتوں کی آمدنی پر بھی مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔
تجزیے کے مطابق حکومت کی نئی پالیسی کا زور فوری طلب بڑھانے کیلئے سبسڈی دینے کے بجائے پراپرٹی مارکیٹ میں ساختی تبدیلیوں، اضافی ہاؤسنگ سٹاک کم کرنے اور طویل مدت میں قیمتوں کو مستحکم کرنے پر ہے۔
رائٹرز کے مطابق اصلاحات کے اثرات سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے، جبکہ پراپرٹی شعبے میں جاری مندی چینی ڈویلپرز اور مقامی حکومتوں کے مالی معاملات پر دباؤ برقرار رکھ سکتی ہے۔