تاریخ اشاعت: September 7, 2026 - 5:03 PM
Dubai Removes Minimum Property Value Requirement for Investor Residency Visa
دبئی نے پراپرٹی انویسٹر ریزیڈنسی ویزا کیلئے کم از کم جائیداد کی شرط ختم کردی
▫️نئے قوانین سے ریزیڈنسی کا دائرہ وسیع، 2026 کی پہلی سہ ماہی میں دبئی میں 138.7 ارب درہم کی 44,150 پراپرٹی ڈیلز ہوئیں
دبئی | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزدبئی نے پراپرٹی انویسٹر ریزیڈنسی ویزا کے قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے جائیداد کی سابقہ کم از کم قیمت 7 لاکھ 50 ہزار درہم کی شرط ختم کردی ہے، جس سے غیر ملکی پراپرٹی مالکان ک...
دبئی نے پراپرٹی انویسٹر ریزیڈنسی ویزا کے قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے جائیداد کی سابقہ کم از کم قیمت 7 لاکھ 50 ہزار درہم کی شرط ختم کردی ہے، جس سے غیر ملکی پراپرٹی مالکان کے لیے ریزیڈنسی حاصل کرنے کے امکانات مزید وسیع ہوگئے ہیں۔
نئے قوانین کے تحت پراپرٹی کی بنیاد پر ریزیڈنسی ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کا جائیداد کا واحد مالک ہونا ضروری ہے۔ تاہم اگر جائیداد ایک سے زیادہ افراد کی مشترکہ ملکیت ہو تو ہر سرمایہ کار کے حصے کی مالیت کم از کم 4 لاکھ درہم ہونا لازمی ہے، چاہے جائیداد برابر حصوں میں تقسیم ہی کیوں نہ ہو۔
نئی تبدیلیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے اہلیت کے قوانین میں لچک پیدا کی گئی ہے، تاہم ملکیت اور مالی حیثیت سے متعلق بنیادی شرائط برقرار رکھی گئی ہیں تاکہ درخواست گزار کی اہلیت واضح طور پر ثابت ہوسکے۔
درخواست گزار کو دبئی میں واقع جائیداد کی ٹائٹل ڈیڈ جمع کرانا ہوگی، جبکہ دیگر امارات یا ڈی آئی ایف سی کی جائیداد کی ٹائٹل ڈیڈ اس ویزا کے لیے قابل قبول نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ 6 ماہ سے زائد مدت کے لیے کارآمد پاسپورٹ، ایمریٹس آئی ڈی، مقررہ معیار کے مطابق ڈیجیٹل تصویر اور متحدہ عرب امارات کی ہیلتھ انشورنس بھی لازمی دستاویزات میں شامل ہیں۔
درخواست گزار کو دبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ حسنِ کردار کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا، جو دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے نام جاری کیا گیا ہو۔ پاکستان، ایران، عراق، لیبیا اور افغانستان کے شہریوں کے لیے قومی شناختی کارڈ بھی جمع کرانا ضروری ہے۔ ٹائٹل ڈیڈ پر درج نام پاسپورٹ میں موجود نام سے مطابقت رکھنا چاہیے۔
تمام ریزیڈنسی پرمٹ درخواستوں کے لیے ہیلتھ انشورنس لازمی ہے، جبکہ اہل پراپرٹی سرمایہ کار اپنے اہل خانہ کو بھی اسپانسر کرسکتے ہیں۔
رہن رکھی گئی یا اقساط پر خریدی گئی جائیداد کی صورت میں بینک یا ڈویلپر سے این او سی حاصل کرنا ہوگا، جس میں ادا شدہ رقم، بقایا رقم اور مارگیج کی مکمل تفصیلات درج ہوں۔ مکمل تعمیر شدہ جائیداد کے لیے ادائیگی کا اسٹیٹمنٹ اور کم از کم 50 فیصد جائیداد کی قیمت یا 3 لاکھ 75 ہزار درہم کی ادائیگی کا ثبوت بھی درکار ہوگا۔
دبئی میں دو سالہ قابلِ تجدید پراپرٹی انویسٹر ریزیڈنسی ویزا 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کی درخواست دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی تسکین سروس کے ذریعے جبکہ ریزیڈنسی پرمٹ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز جاری کرتا ہے۔
نئے قوانین ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان مضبوط ہے۔ 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران دبئی میں 44,150 پراپرٹی ٹرانزیکشنز ہوئیں جن کی مجموعی مالیت 138.7 ارب درہم رہی۔ سالانہ بنیاد پر ٹرانزیکشنز کی مالیت میں 21.2 فیصد جبکہ ڈیلز کی تعداد میں 4.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صرف جنوری میں 16 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کے ذریعے تقریباً 53.6 ارب درہم کی پراپرٹی فروخت ہوئی، جبکہ اوسط ڈیل کی مالیت تقریباً 33 لاکھ درہم رہی۔
پراپرٹی ماہرین کے مطابق دبئی کی موجودہ مارکیٹ میں قلیل مدتی خرید و فروخت کے بجائے طویل مدتی سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے ۔ نئی ویزا پالیسی سے دبئی کی عالمی پراپرٹی سرمایہ کاری اور ریزیڈنسی مرکز کی حیثیت مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔