تاریخ اشاعت: October 6, 2026 - 3:41 PM
Global Oil Inventories Dangerously Low, Rebuilding Could Take Two Years: Saudi Aramco
عالمی تیل ذخائر خطرناک حد تک کم، بحالی میں دو سال لگ سکتے ہیں : سعودی کمپنی
▫️ مشرق وسطیٰ کے تنازع سے تقریباً 3 ارب بیرل تیل کی رسد متاثر، دنیا میں 6 ارب بیرل سے بھی کم تجارتی ذخائر باقی
لندن | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزسعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو امین ناصر نے خبردار کیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو چکے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث استعمال ہونے والے ذخائر کو د...
سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو امین ناصر نے خبردار کیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو چکے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث استعمال ہونے والے ذخائر کو دوبارہ بھرنے میں دو سال تک لگ سکتے ہیں۔
لندن میں انرجی انٹیلی جنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے امین ناصر نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کئی ماہ سے جاری جنگ اور آبنائے ہرمز کے راستے توانائی کی ترسیل میں رکاوٹ کے نتیجے میں تقریباً 3 ارب بیرل خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی عالمی رسد متاثر ہوئی ہے۔
ان کے مطابق اس کمی کے اثرات محدود کرنے کیلئے عالمی ذخائر سے ایک ارب بیرل سے زائد تیل استعمال کیا جا چکا ہے، جبکہ زیادہ تر تیل تجارتی ذخائر سے نکالا گیا۔
امین ناصر نے کہا کہ دنیا میں اس وقت 6 ارب بیرل سے بھی کم تجارتی تیل کے ذخائر باقی ہیں، تاہم ان میں سے بڑی مقدار عملی طور پر فوری استعمال کیلئے دستیاب نہیں کیونکہ تیل کا ایک بڑا حصہ پائپ لائنز، اسٹوریج سسٹمز اور آپریشنل ضروریات کیلئے مختص ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی توانائی نظام پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہے اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر دوبارہ نہ کھلنے اور مارکیٹ کا اعتماد بحال نہ ہونے تک خام تیل اور ریفائنڈ مصنوعات کی سپلائی پر دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
امین ناصر کے مطابق آبنائے ہرمز سے ترسیل معمول پر آنے کے بعد بھی موجودہ طلب پوری کرتے ہوئے عالمی ذخائر کو دوبارہ سابقہ سطح پر لانے میں دو سال تک لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ہنگامی ذخائر کا استعمال عارضی ریلیف تو فراہم کر سکتا ہے لیکن طویل مدتی توانائی کی فراہمی کے مسائل کا مستقل حل نہیں، اس لیے حکومتوں کو توانائی کی سلامتی اور متبادل سپلائی روٹس پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔