تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 11:15 AM
Middle East Crisis Puts Dubai’s Artificial Island Real Estate Projects Under Pressure
مشرق وسطیٰ بحران سے دبئی کے مصنوعی جزائر کے رئیل اسٹیٹ منصوبے مشکلات کا شکار
▫️دی ہارٹ آف یورپ اور دی ورلڈ آئی لینڈز میں سیاحوں کی آمد میں کمی، لاجسٹک مسائل اور بڑھتے اخراجات سے منصوبوں پر دباؤ بڑھ گیا
دبئی | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزمشرق وسطیٰ میں جاری جغرافیائی سیاسی بحران نے دبئی کے مصنوعی جزائر پر قائم بڑے رئیل اسٹیٹ اور سیاحتی منصوبوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں، جہاں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں کمی، لاجسٹک مسائل اور آپریشنل...
مشرق وسطیٰ میں جاری جغرافیائی سیاسی بحران نے دبئی کے مصنوعی جزائر پر قائم بڑے رئیل اسٹیٹ اور سیاحتی منصوبوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں، جہاں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں کمی، لاجسٹک مسائل اور آپریشنل اخراجات میں اضافے نے منصوبوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی کے دی ورلڈ آئی لینڈز پر قائم تقریباً 6 ارب ڈالر مالیت کا دی ہارٹ آف یورپ منصوبہ بھی موجودہ حالات سے متاثر ہوا ہے۔ منصوبے کو پہلے ہی تکنیکی، لاجسٹک اور ریگولیٹری مسائل کے باعث کئی سال کی تاخیر کا سامنا رہا ہے، جبکہ حالیہ بحران کے بعد بین الاقوامی سیاحت میں کمی نے مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جزائر پر قائم وسیع آف گرڈ منصوبے کو بجلی پیدا کرنے کے لیے ڈیزل استعمال کرنا پڑتا ہے، جس کی لاگت میں اضافے نے آپریشنل دباؤ بڑھا دیا ہے۔ منصوبے کے ڈویلپر نے حالیہ مہینوں میں متعدد ملازمین کو فارغ یا بلا معاوضہ رخصت پر بھیجا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں اور سابق ملازمین کی جانب سے قانونی کارروائیوں کا بھی سامنا ہے۔
بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں کمی کے بعد دی ہارٹ آف یورپ نے مقامی سیاحوں اور دبئی کے رہائشیوں کو متوجہ کرنے پر توجہ بڑھا دی ہے۔ ڈویلپر کے مطابق منصوبے کی ہوٹل occupancy مارچ میں 27 فیصد سے بڑھ کر اپریل میں 36 فیصد اور مئی میں 56 فیصد ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق دی ورلڈ آئی لینڈز کے دیگر منصوبے بھی مختلف نوعیت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ مالدیپ طرز کا منصوبہ اپریل میں بند ہو گیا، جبکہ دی ہارٹ آف یورپ کے بعض مجوزہ منصوبے ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے۔
تاہم ورلڈ آئی لینڈز کے تمام منصوبوں کی صورتحال یکساں نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق زوہا آئی لینڈ کے 30 لگژری ولاز جنگ شروع ہونے سے پہلے فروخت ہو چکے تھے، جبکہ امالی منصوبے میں بھی فروخت جاری رہی۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق دبئی کی مجموعی ہاؤسنگ مارکیٹ بھی بحران سے متاثر ہوئی ہے۔ مئی میں گھروں کے لین دین کا حجم ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً نصف رہ گیا، جبکہ جنگ شروع ہونے کے بعد دبئی میں گھروں کی قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس کے باوجود دبئی کے بڑے ڈویلپرز نئے منصوبوں کا اعلان اور موجودہ منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ نے مارکیٹ کی نگرانی اور ریگولیٹری اقدامات جاری رکھنے اور شعبے کے مستقبل کو مثبت قرار دیا ہے۔