تاریخ اشاعت: September 2, 2026 - 3:01 PM
Britain’s Major Cities Missing 1.2 Million Homes Around Inner City Train Stations
برطانیہ کے بڑے شہروں میں ریلوے سٹیشنز کے اطراف 12 لاکھ گھروں کی کمی کا انکشاف
▫️تھنک ٹینک کا ریلوے اراضی میئرز اور میٹرو میئرز کو منتقل کرنے اور پلاننگ منظوری کا عمل تیز کرنے پر زور، رہائشی بحران کم کرنے، پبلک ٹرانسپورٹ مضبوط بنانے اور شہری معیشت کو فروغ دینے کی تجویز
لندن | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزبرطانیہ کے بڑے شہروں میں اندرونِ شہر ریلوے اور ٹرام سٹیشنز کے اطراف کم از کم 12 لاکھ اضافی گھر تعمیر کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ ان علاقوں میں فرانس اور جاپان کے ہم پلہ شہروں جیسی گھنی آ بادی والی رہائشیں ا...
برطانیہ کے بڑے شہروں میں اندرونِ شہر ریلوے اور ٹرام سٹیشنز کے اطراف کم از کم 12 لاکھ اضافی گھر تعمیر کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ ان علاقوں میں فرانس اور جاپان کے ہم پلہ شہروں جیسی گھنی آ بادی والی رہائشیں اختیار کی جائیں۔ یہ انکشاف آزاد تھنک ٹینک Centre for Cities کی ایک نئی جامع تحقیق میں کیا گیا ہے۔
’’مائنڈ دی ڈینسٹی گیپ: ہاؤ برٹنز بگ سٹیز کین بلڈ مور ہومز نیئر ٹرین سٹیشنز‘‘ کے عنوان سے 2 ستمبر 2026 کو جاری ہونے والی رپورٹ میں برطانیہ کے 12 بڑے شہروں میں گھنی رہائش اور ماس ٹرانزٹ نظام کا جائزہ لے کر انہیں فرانس اور جاپان کے ہم پلہ شہروں سے موازنہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ اپنے موجودہ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے اطراف موجود اراضی سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا رہا، جس کے باعث ملک کے بڑھتے ہوئے رہائشی بحران میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
تحقیق کے مطابق برطانیہ کے 12 بڑے شہروں میں سٹیشنز کے اطراف مجموعی طور پر تقریباً 24 لاکھ گھروں کی گنجائش موجود ہے جو فرانس اور جاپان کے ہم پلہ شہروں کی گھنی کثافت حاصل کرنے کی صورت میں پیدا کی جا سکتی ہے۔ ان میں سے تقریباً 12 لاکھ گھروں کی گنجائش صرف اندرونِ شہر کے علاقوں میں موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق لندن میں بین الاقوامی شہروں کے برابر گھنی رہائش حاصل کرنے کی صورت میں اندرونِ شہر سٹیشنز کے اطراف 5 لاکھ سے زائد اضافی گھر تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔ گلاسگو میں تقریباً ایک لاکھ 83 ہزار جبکہ مانچسٹر میں تقریباً ایک لاکھ 34 ہزار اضافی گھروں کی گنجائش موجود ہے۔
تحقیق میں برطانوی شہری ترقی کے ایک اہم مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک میں بڑے پبلک ٹرانسپورٹ سٹیشنز کے اطراف رہائشیں مستقل طور پر زیادہ نہیں ہوتیں۔ اس کے برعکس فرانس اور جاپان میں ماس ٹرانزٹ سٹیشنز کے قریب آبادی زیادہ ہوتی ہے کیونکہ وہاں رہائشیوں کو روزگار، تعلیم، کاروباری مراکز اور شہری سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوتی ہے۔
برطانیہ میں صورتحال مختلف ہے اور کئی مقامات پر سٹیشنز کے اطراف رہائشی آ بادی شہر کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں زیادہ ہونے کے بجائے کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق لیورپول، شیفیلڈ اور نیوکاسل میں اندرونِ شہر سٹیشنز کے اطراف اوسط رہائش شہری مراکز کے ان علاقوں سے بھی کم ہے جو اسٹیشنز سے نسبتاً دور واقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ خلا گزشتہ ایک دہائی میں بھی برقرار رہا۔ 2011 سے 2021 کے دوران برطانیہ کے بڑے شہروں نے فرانس اور جاپان کے ہم پلہ شہروں کے مقابلے میں سٹیشنز کے اطراف تقریباً 50 فیصد کم گھر تعمیر کیے۔ Centre for Cities کے مطابق اسی عرصے میں برطانیہ کے بڑے شہروں کے تقریباً 30 فیصد سٹیشنز کے اطراف بہت کم یا بالکل کوئی نئی تعمیر نہیں ہوئی۔
مانچسٹر کو اس حوالے سے برطانیہ کے بہتر کارکردگی دکھانے والے شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔ 2011 سے 2021 کے دوران شہر کے اندرونِ شہر سٹیشنز کے اطراف تقریباً 30 ہزار نئے گھر تعمیر کیے گئے، جن میں میٹرولِنک ٹرام سٹاپس کے قریب ہونے والی تعمیرات بھی شامل ہیں۔ اسی عرصے میں لندن میں تقریباً 3 لاکھ گھر تعمیر کیے گئے۔ گلاسگو، برمنگھم اور لیورپول نے بھی پیش رفت کی، تاہم ان شہروں میں مجموعی رہائش اب بھی فرانس اور جاپان کے ہم پلہ شہروں سے کم ہے۔
' سنٹر فار سٹیز' کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں لاکھوں اضافی گھروں کی تعمیر کے لیے لازمی نہیں کہ نئے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک بنائے جائیں۔ موجودہ ریلوے اور ٹرام سٹیشنز کے اطراف رہائشیں بڑھا کر لندن سمیت بڑے شہروں کے شہری مراکز میں تقریباً 13 لاکھ اضافی گھروں کی گنجائش پیدا کی جا سکتی ہے، جس سے موجودہ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کا زیادہ مؤثر استعمال ممکن ہوگا۔
یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب برطانوی حکومت بھی ٹرانسپورٹ مراکز کے قریب ہاؤسنگ کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے پلاننگ نظام میں اصلاحات کر رہی ہے۔ انگلینڈ میں حالیہ پلاننگ تبدیلیوں کے تحت بہتر ٹرانسپورٹ روابط رکھنے والے ریلوے، ٹرام اور زیرِ زمین سٹیشنز سے پیدل فاصلے پر رہائشی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ بعض گرین بیلٹ علاقوں میں بھی شرائط کے ساتھ تعمیر کی اجازت دینے کی پالیسی پر پیش رفت ہوئی ہے، جس میں سستی رہائش، بنیادی ڈھانچے اور گرین سپیس کی ضروریات شامل ہیں۔
تحقیق کے مطابق سٹیشنز کے اطراف رہائشوں میں اضافہ برطانیہ کے مجموعی ہاؤسنگ شارٹ فال کو تقریباً 25 فیصد تک کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اس کے اثرات صرف ہاؤسنگ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ٹرانسپورٹ کے قریب زیادہ گھر تعمیر ہونے سے سفر کا وقت کم، مقامی لیبر مارکیٹ میں وسعت، کمزور ہائی سٹریٹس کو فروغ اور شہری معیشت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں اندرونِ شہر علاقوں کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں بھی بڑی گنجائش کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اگر بڑے برطانوی شہروں کے مضافاتی سٹیشنز کے اطراف رہائشی کثافت فرانس اور جاپان کے ہم پلہ شہروں تک پہنچائی جائے تو مزید تقریباً 11 لاکھ گھروں کی گنجائش پیدا کی جا سکتی ہے۔ اس طرح سٹیشنز کے اطراف مجموعی ممکنہ ہاؤسنگ خلا 20 لاکھ سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔
تحقیق میں ٹرانسپورٹ پر مبنی شہری ترقی کو برطانیہ کے ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے اہم حل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے نتائج برطانیہ کی پراپرٹی مارکیٹ کے لیے بھی اہم قرار دیے جا رہے ہیں کیونکہ اسٹیشنز کے گرد شہری ترقی مستقبل میں رہائشی یونٹس کی فراہمی کا ایک بڑا ذریعہ بن سکتی ہے۔ ساتھ ہی بہتر ٹرانسپورٹ روابط رکھنے والے علاقوں میں رہائش کی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔ اگر یہ حکمتِ عملی بڑے پیمانے پر نافذ کی گئی تو لندن، مانچسٹر، برمنگھم، گلاسگو، لیورپول، لیڈز سمیت برطانیہ کے متعدد بڑے شہروں کے شہری نقشے اور پراپرٹی ڈویلپمنٹ کے رجحانات میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔