تاریخ اشاعت: October 7, 2026 - 4:57 PM
World Habitat Day: Three Billion People Worldwide Deprived of Adequate Housing. Why?
عالمی یومِ رہائش : دنیا میں تین ارب افراد بنیادی رہائشی سہولت سے محروم کیوں؟
▫️ محمد فیصل سلہریا
عالمی یومِ رہائش 5 اکتوبر 2026 ایسے وقت میں منایا گیا ہے جب دنیا کے ایک بڑے حصے کیلئے محفوظ، مناسب اور قابل استطاعت گھر اب بھی بنیادی ضرورت کے بجائے ایک مشکل خواب بنا ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے عالمی یومِ رہائش پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ مناسب رہائش انسانی وقار، تحفظ اور مواقع کی بنیاد ہے، لیکن دنیا میں تین ارب سے زائد افراد اس بنیادی انسانی حق سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق ایک ارب سے زیادہ افراد کچی آبادیوں اور غیر رسمی بستیوں میں زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ بڑی تعداد بے گھری، جنگوں، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث نقل مکانی کا سامنا کر رہی ہے۔ گوتیرش کا کہنا تھا کہ مناسب رہائش میں سرمایہ کاری اور کچی آبادیوں کی بہتری غربت میں کمی، عدم مساوات کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے کی صلاحیت بڑھانے اور زیادہ پرامن اور جامع معاشروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے قومی اور مقامی حکومتوں پر مربوط پالیسی سازی، شراکت داری، درست اعداد و شمار اور ترقی پذیر ممالک کیلئے قابل استطاعت مالی وسائل کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے رہائش کو ایک عوامی مفاد کے طور پر دیکھنے کی ضرورت اجاگر کی۔
اسی عالمی منظرنامے میں پاکستان اور بالخصوص پنجاب کیلئے عالمی یومِ رہائش 2026 ایک نمایاں پیش رفت بھی لے کر آیا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی آبادکاری، UN-Habitat، نے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کو کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے مناسب، محفوظ اور قابل استطاعت رہائش تک رسائی بڑھانے کی خدمات پر UN-Habitat Scroll of Honour Award 2026 سے نوازا۔ یہ اعزاز پنجاب حکومت کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام “اپنی چھت، اپنا گھر” سے منسلک کوششوں کا اعتراف ہے۔ یہ پروگرام ایسے کم آمدنی والے خاندانوں کو گھر بنانے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے شروع کیا گیا جن کیلئے روایتی ہاؤسنگ فنانس یا مارکیٹ ریٹس پر گھر کی تعمیر مشکل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف یہ اعزاز وصول کرنے کیلئے مسقط، عمان پہنچیں اور عالمی یومِ رہائش کی تقریب میں Scroll of Honour وصول کیا۔ انہوں نے یہ اعزاز ان خاندانوں کے نام کیا جو “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اپنے گھر تعمیر کر رہے ہیں۔ اس عالمی اعزاز کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ پاکستان کو 19 سال بعد دوبارہ UN-Habitat Scroll of Honour کی سطح پر عالمی پذیرائی ملی ہے۔ پنجاب حکومت کیلئے یہ اعزاز اس بات کی علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے کہ کم لاگت ہاؤسنگ کو محض تعمیراتی منصوبے کے طور پر نہیں بلکہ سماجی تحفظ، مالی معاونت اور کم آمدنی والے شہریوں کے معیارِ زندگی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
پنجاب کیلئے یہ اعزاز ایک ایسے وقت میں اہمیت رکھتا ہے جب پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی، شہروں کی جانب نقل مکانی، زمین اور تعمیراتی لاگت میں اضافہ اور کم آمدنی والے طبقات کی محدود مالی استطاعت ہاؤسنگ کے مسئلے کو مسلسل پیچیدہ بنا رہی ہے۔ عالمی یومِ رہائش کا بنیادی پیغام بھی یہی ہے کہ سستی رہائش کو صرف تعمیراتی منصوبے کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ اس کیلئے محفوظ زمین، بنیادی سہولتیں، مناسب شہری منصوبہ بندی، مالیاتی رسائی، روزگار سے رابطہ اور طویل مدتی پائیداری ضروری ہے۔ ایک گھر اس وقت مکمل رہائش بنتا ہے جب اس کے ساتھ پانی، بجلی، سیوریج، سڑک، تعلیم، صحت اور روزگار تک مناسب رسائی بھی موجود ہو۔
دوسری جانب عالمی یومِ رہائش کے موقع پر غزہ کی صورتحال اس عالمی نعرے کے بالکل متضاد اور انتہائی تکلیف دہ تصویر پیش کرتی ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تقریباً 82 فیصد عمارتیں متاثر یا تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ لاکھوں افراد اپنے گھروں سے محروم ہو کر عارضی خیموں، تباہ شدہ عمارتوں یا انتہائی محدود سہولیات والے علاقوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ رہائشی عمارتوں کے ساتھ پانی، سیوریج، صحت اور شہری انفراسٹرکچر کی تباہی نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ایسی صورتحال میں عالمی یومِ رہائش کا پیغام محض مناسب گھر کی فراہمی تک محدود نہیں رہتا بلکہ جنگ زدہ علاقوں میں شہری آبادی کے تحفظ، بے گھر افراد کی بحالی اور بنیادی شہری سہولیات کی دوبارہ فراہمی کا مطالبہ بھی بن جاتا ہے۔
یوں عالمی یومِ رہائش 2026 ایک ہی وقت میں امید اور بحران دونوں کی تصویر سامنے لاتا ہے۔ پنجاب میں کم آمدنی والے شہریوں کیلئے رہائش کے ایک منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی ملنا اس بات کی مثال ہے کہ حکومتی پالیسی، مالی معاونت اور ہدفی پروگراموں کے ذریعے ہاؤسنگ تک رسائی بہتر بنائی جا سکتی ہے، مگر غزہ سمیت دنیا کے کئی علاقوں میں جنگ، غربت، نقل مکانی اور موسمیاتی خطرات کروڑوں انسانوں سے محفوظ چھت چھین رہے ہیں۔
عالمی یومِ رہائش کا اصل پیغام یہی ہے کہ مناسب رہائش کو مراعات یافتہ طبقے کی سہولت نہیں بلکہ ہر انسان کے بنیادی حق کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ حکومتوں کو ایسی پالیسیاں اختیار کرنا ہوں گی جو محض مکانات کی تعداد بڑھانے کے بجائے لوگوں کو محفوظ، قابل استطاعت، باوقار اور پائیدار رہائش فراہم کریں۔ دنیا میں تین ارب سے زائد افراد کا مناسب رہائش سے محروم ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہاؤسنگ کا بحران صرف تعمیرات کا مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سماجی، معاشی اور انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔